کشمور کے قریب ٹریفک حادثے میں 7 افراد جاں بحق 30 زخمی

جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق کراچی اور خیبر پختونخوا سے ہے، پولیس

حادثے کا شکار ہونے والی ایک مسافر کوچ کراچی سے پشاور جبکہ دوسری کوچ بنوں سے کراچی جارہی تھی۔ فوٹو: فائل

کندھ کوٹ کے قریب دو مسافر کوچز اور ایک کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 30 زخمی ہو گئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع کشمور کے قصبے کندھ کوٹ کے قریب انڈس ہائی وے پر کراچی سے پشاور اور بنوں سے کراچی جانے والی دو مسافر کوچز اور ایک موٹر کار دھند کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔ جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 31 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ ہی موجود نہ تھا، اسپتال کے غیر طبی عملے نے ڈاکٹروں کو ان کے گھر سے بلایا جس کے بعد زخمیوں کا علاج شروع ہوا۔ اسی دوران ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔ زخمیوں میں سے بعض افراد کی تشویش ناک حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں لاڑکانہ اور رحیم یار خان لے جایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق کراچی اور خیبرپختونخوا سے ہے اور ان میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ میتوں کو شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔
Load Next Story