ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کراچی بھی یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں

کوئٹہ میں درجہ منفی 7 ،قلات میں منفی 9 اورژوب میں منفی 3 ریکارڈ کیا گیا،محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک December 28, 2012
کالام اورسوات میں 14.5 انچ ،دروش اور چترال میں 1.5انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات، فوٹو:اے ایف پی

ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے جب کہ یخ بستہ ہواؤں نے کراچی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیاہے۔

کراچی میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سے چلنے والی تیزہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں سائن بورڈز گرگئے ، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں یخ بستہ ہواؤں کا سلسلہ آئندہ دو روز جاری رہے گا، جس کی وجہ سے سردی کی شدت مزید بڑھے گی۔

پشاور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ چترال ، تیمر گرہ، دیرلوئر، دیراپر ، چراٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش سے موسم مزید سرد ہو گیا ، ادھر کالام سوات میں 14.5 انچ اور دروش چترال میں ڈیڑھ انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

کوئٹہ ، زیارت ،قلات ، کان مہترزئی ،رود ملازئی ،خانوزئی ،نگاندہ ،خوشاب،چمن ،توبہ اچکزئی ،توبہ کاکڑی میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کہیں نیچے گرگیا جبکہ چمن کے قریب درہ کوژک پر برفباری کے باعث شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی۔خانوزئی ،کان مہترزئی ،رود ملازئی میں برفباری کے بعد درجہ حرارت منفی 12 تک نیچے گرگیا ، کوئٹہ میں درجہ منفی 7 قلات میں منفی 9 ژوب میں منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی شدید لہر بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگئی ہے اور آئندہ 24 گھنٹے میں کئی علاقے اس کی لپیٹ میں آجائیں گے۔ کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ مالاکنڈ ، ہزارہ ، پشاور ، کوہاٹ ، بنوں ، سرگودھا ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، کوئٹہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں