پہلاٹی 20ولیمسن بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے چٹان بن گئے

ولیمسن نے 55 بالز پرناقابل شکست 73 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

ولیمسن نے 55 بالز پرناقابل شکست 73 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ۔ فوٹواےایف پی

پہلے ٹوئنٹی 20میں کین ولیمسن بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے چٹان بن گئے، ناقابل شکست 73 رنز جڑ کر ٹیم کو 2 اوورز قبل ہی 6 وکٹ سے فتحیاب کرا دیا کولن ڈی گرینڈ ہوم نے بھی ناٹ آؤٹ 41 رنز بنائے، اس سے پہلے بنگال ٹائیگرز نے 8 وکٹ پر 141 رنز بنائے، محمود اللہ 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، لیوکی فرگوسن نے 3 وکٹیں لیں۔


پہلے ٹوئنٹی 20 میں 143 رنزکے تعاقب میں جانے والی نیوزی لینڈ ٹیم کوآغاز میں تھوڑی مشکل پیش آئی جب 4 کھلاڑی 62 رنز پر پویلین لوٹ گئے، بنگلہ دیش نے جب نیل بروم، کولن منرو، کورے اینڈرسن اور ٹام بروس جیسے ہارڈ ہٹرز کو پویلین واپس بھیجا تو اس کی کامیابی کیلیے امیدیں پھر سے بحال ہونے لگیں، بروم 6 رنز پر روبیل کی وکٹ بنے، شکیب الحسن نے باؤنڈری پر انتہائی خوبصورتی سے کیچ تھاما،کولن منرو کو مستفیض نے کھاتہ تک نہیں کھولنے دیا، وکٹ کیپر نورالحسن نے کیچ لیا، کورے اینڈرسن 13 شکیب کی گیند پر لانگ آف پر موجود تمیم کا کیچ ثابت ہوئے جب کہ ٹام بروس صرف 7 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر گرینڈ ہوم نے اوپنر کین ولیمسن کوجوائن کیا، دونوں نے بنگلہ دیشی بولرز کا ڈٹ کر سامنا کرتے ہوئے 18 اوورز میں ٹیم کو ہدف عبور کرادیا، ولیمسن نے 55 بالز پرناقابل شکست 73 رنز بنائے، جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، یہ ان کا مختصرترین فارمیٹ میں بہترین اسکور ہے، گرینڈ ہوم بھی 41 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش کی ٹیم 8 وکٹ پر 141 رنز بنا پائی، محمود اللہ نے 52 رنز بنائے جب کہ ان کے بعد دوسرا بڑا اسکور 20 رنز کی صورت میں مصدق حسین نے دو چھکوں کی مدد سے بنایا۔ لیوکی فرگوسن نے 3 اور ویلر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story