اڈیالہ جیل میں مختلف سہولتوں کیلیے ہزاروں روپے لینے کا انکشاف

موبائل فون رکھنے پر پوری رقم نہ دینے والے تشدد کا شکار قیدی کے ہوشربا انکشافات، سول جج نے سپرنٹنڈنٹ کو کل طلب کر لیا


Qaiser Sherazi January 04, 2017
موبائل فون رکھنے پر پوری رقم نہ دینے والے تشدد کا شکار قیدی کے ہوشربا انکشافات، سول جج نے سپرنٹنڈنٹ کو کل طلب کر لیا فوٹو: فائل

سول جج شاہد حمیدچوہدری نے اڈیالہ جیل میں قیدی پرموبائل رکھنے کیلیے رقم نہ دینے پرشدیدتشددکرنے اور قیدی کو قصوری چکی میں بندکرنے پرسپرنٹنڈنٹ جیل سعید اللہ گوندل کونوٹس جاری کر کے کل 5 جنوری کوجواب طلب کرلیا۔قیدی نے عدالت میں میڈیکل کرانے کی درخواست بھی دائرکر دی ہے۔

تھانہ نصیر آباد کے مقدمہ کے ملزم شکیل شاہ نے تشدد پر انکشاف کیا ہے کہ جیل میں ماہانہ50ہزار روپے منتھلی دینے والا موبائل فون رکھ سکتاہے،افسران،چیف چکر اور بارک انچارج کی منتھلی الگ الگ ہوتی ہے، قیدی نے الزام لگایا کہ جیل کے تمام شعبہ جات ٹھیکے پر دیئے گئے ہیں، جیل میں کل 16 قصوری بلاک ہیں جن میں 64 قیدی بندکرنے کی گنجائش ہے مگر127بندکیے گئے ہیں، قصوری بلاک سے واپس نکالنے کی رشوت 30 ہزارروپے سے50ہزارروپے لی جاتی ہے،موبائل پی سی او کی فیس ڈیڑھ لاکھ روپے،جوا کرانے کی ایک دن کی فیس ڈیڑھ لاکھ روپے، منشیات فروشی کی فی بیرک 10ہزار روپے روزانہ، اسپتال داخل ہونے کیلیے2لاکھ روپے ہے،قیدی کے مطابق700 قیدیوںکی اُڑتی لگائی گئی ہے یعنی روزانہ ایک سے دوسرے کمرے میں منتقل کیا جاتاہے،اُڑتی ختم کرنے کی فیس30ہزارروپے لی جاتی ہے۔

اڑتی کی کل دیہاڑی ایک لاکھ 40 ہزار روپے یومیہ ہے جو ماہانہ42لاکھ روپے بنتی ہے،نئے آنے والے ملزمان کی ڈیوڑھی گیٹ میں تلاشی کے کام،رشتے داروںکی قیدیوں سے ملاقات کے بعد قیدیوں کی تلاشی کا ٹھیکہ دو دو لاکھ روپے،لنگر خانہ کا ٹھیکہ 3 لاکھ روپے ،سنٹرل ٹاور(چکر) کا ٹھیکہ 5لاکھ روپے، نیا ملاحظہ قیدی ٹھیکہ 3 لاکھ روپے،فی بارک تلاشی دیکھ بھال کاٹھیکہ ایک لاکھ روپے ہے،جیل میںکینٹین کا ٹھیکہ 10 لاکھ روپے ہے، سبزی، گھی، چاول، گوشت، بسکٹ، جوس، پتی، دودھ بازارکی نسبت60 فیصدمہنگا دیا جاتا ہے۔ قیدی نے مؤقف اختیا ر کیاکہ میں نے موبائل فون رکھنے کیلئے50 ہزار روپے ماہانہ کا معاہدہ کیا، 25 ہزار روپے اداکیے بقیہ دینے میں چند دن تاخیر ہوئی تو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ فرخ رشید، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ قمر اسلام ملازمین سمیت آگئے،لاکر توڑ کر46500روپے ،طلائی انگوٹھی، 40 ہزار روپیمالیت کا نیا موبائل نکال کر لے گئے، بقیہ رقم اور30ہزاربطورجرمانہ رشوت طلب کی اور انکارپر تشدد کیا، میڈیکل بورڈ کرا کے نامزد ملزمان جیل افسران اور تشدد کرنے والے 8 اہلکاروںکیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں