عمران خان نے تسلیم کرلیا کہ ان کا کام صرف الزام لگانا ہے مریم اورنگزیب

عمران خان نے الزام لگا كر ملكی ترقی روكنے كی كوششیں كیں انہیں شرمندہ ہونا چاہیے، وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات


ویب ڈیسک January 04, 2017
عمران خان نے الزام لگا كر ملكی ترقی روكنے كی كوششیں كیں انہیں شرمندہ ہونا چاہیے، وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات، فوٹو؛ ایکسپریس

وزیر مملكت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے كہا ہے كہ عمران خان نے آج عدالت میں یہ تسلیم كر لیا كہ ان كا كام الزام لگانا ہے اور ثبوت ان كے پاس موجود نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاكستان كی ترقی كو روكنے كے لیے یہ كس قسم كی سیاست كی جا رہی ہے، پی ٹی آئی كا كام ثبوت كے بغیر الزام لگانا ہے، الزام خان كے پاس شرمندگی كے علاوہ كچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج عدالت میں یہ تسلیم كر لیا كہ ان كا كام الزام لگانا ہے اور ثبوت ان كے پاس موجود نہیں، عمران خان نے الزام لگا كر ملكی ترقی روكنے كی كوششیں كیں، دھرنا دیا، كیپٹل كو لاك ڈاؤن كرنے كی باتیں كیں اورتیسری دفعہ منتخب وزیراعظم كی ساكھ كو نقصان پہنچانے كی كوشش كی اور كہا كہ منی لانڈرنگ ہوئی، پاكستان كے عوام كا پیسہ لوٹا گیا اور ٹیكس چوری ہوئی مگر عدالت میں تسلیم كیا كہ ان كا كام الزام لگانا ہے، لہٰذا عمران خان كو اپنے بیان پر شرمندہ ہونا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے جھوٹ بولا كہ ان كے پاس ثبوت ہیں، تحریك انصاف كی جانب سے منتخب وزیراعظم پر بے بنیاد الزامات افسوسناك ہیں، ملكی ترقی كے سفر میں ركاوٹیں ڈالنے والے پہلے بھی ناكام ہوگئے تھے اور مستقبل میں بھی ان كو ناكامی كا سامنا كرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔