کچھ لوگوں کی نااہلی نے عوامی اختیارات غیر منتخب افراد اور اداروں کو دیدیئے آصف زرداری

جمہوریت اور عوام كی طاقت كے لیے كھڑا ہونے كی آج جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے كبھی نہیں تھی، سابق صدر

جمہوریت اور عوام كی طاقت كے لیے كھڑا ہونے كی آج جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے كبھی نہیں تھی، سابق صدر، فوٹو؛ فائل

پاكستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز كے صدر آصف علی زرداری نے كہا ہے كہ جمہوریت اور عوام كی طاقت كے لیے كھڑا ہونے كی آج جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے كبھی نہیں تھی کیونکہ كچھ لوگوں كی ناقابلیت اور اقتدار میں آنے كی لالچ میں عوام كے اختیارات چرا كر غیرمنتخب افراد اور اداروں كو دے دیئے۔

پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے 88ویں یوم پیدائش کے موقع پر جاری بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ نوجوان مذہبی جنونیوں اور انتہا پسندوں كی سازشوں كو ختم كرنے كے لیے آپس میں اتحاد پیدا كریں كیونكہ یہ مذہبی انتہاپسند ریاست اور ملك كے جمہوری ڈھانچے كو تباہ كرنے كے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ہی تھے جنہوں نے ملك كو اور اس كے جمہوری ڈھانچے كو مستحكم كرنے كے لیے انتھك محنت كی اور اپنی جان ملك اور جمہوریت كے لیے قربان كر دی۔


سابق صدر نے كہا كہ اس سال شہید ذوالفقارعلی بھٹو كے یوم پیدائش پر عوام كا اتحاد ہی انہیں خراج عقیدت پیش كرنے كا بہترین طریقہ ہے، ذوالفقاربھٹو جمہوریت كی علامت تھے اور وہ عوام كی طاقت پر پختہ یقین ركھتے تھے۔ انہوں نے كہا كہ كچھ لوگوں كی ناقابلیت اور اقتدار میں آنے كی لالچ میں عوام كے اختیارات چرا كر غیر منتخب افراد اور اداروں كو دے دیئے، عوام كی طاقت پر یہ حملہ اور ریاست اور عوام كے درمیان تعلق كو دوبارہ رقم كرنے كی وجہ سے سنگین مضمرات ہو تے ہیں اور انہیں ہر صورت میں روكنا چاہیے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو ایك جانب عوام كی طاقت كی علامت تھے اور دوسری جانب ڈكٹیٹرشپ اور ظلم كے خلاف مزاحمت كا كردار تھے، جمہوریت اور عوام كی طاقت كے لیے كھڑا ہونے كی آج جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے كبھی نہیں تھی، ذوالفقار علی بھٹو نے ملك كو سیاسی طور پر مستحكم كیا اور ایك متفقہ آئین دیا، اس كے ساتھ ساتھ انہوں نے بیرونی خطرات سے نمٹنے كے لیے افواج پاكستان كو بھی مستحكم كیا۔
Load Next Story