دوسرے ٹی20 میں شکست کے بعد حفیظ بولرز سے نالاں

شارٹ آف لینتھ گیندیں کرکے بھارت کو تیزی سے رنز بنانے کا موقع دیا گیا،محمد حفیظ

یوراج اوردھونی نے بیٹنگ پچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عمدہ اننگز کھیلیں،محمد حفیظ۔ فوٹو : بی سی سی آئی

بھارت کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد پاکستانی کپتان محمد حفیظ اپنے بولرز سے نالاں نظر آئے۔

میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ اننگز کے آخر میں شارٹ آف لینتھ گیندیں کرکے بھارت کو تیزی سے رنز بنانے کا موقع فراہم کیا گیا، پلاننگ کے مطابق بولنگ ہوتی تو مجموعی اسکور 170 سے کم رہتا،انھوں نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کیلیے اچھی تھی، یوراج اور دھونی نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عمدہ اننگز کھیلیں، ان دونوں کے درمیان 97 رنز کی شراکت میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی،ہم حریف کو 160 سے 170 تک محدود رکھنا چاہتے تھے مگر مقصد میں کامیاب نہ ہوئے، حفیظ نے کہا کہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہماری رفتار درمیان میں قدرے سست رہی۔




تاہم بیٹسمینوں نے بڑے ہدف کے باوجود ڈٹ کر مقابلہ کیا، انھوں نے بھارتی پیسر اشوک ڈینڈا کو بھی سراہا۔ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ ٹاس ہارنے کے باوجود ہمت نہیں ہاری، صرف بہتر ٹوٹل حاصل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی، اچھا آغاز ملنے کے بعد میری یوراج کے ساتھ پارٹنر شپ نے کام آسان کر دیا، گزشتہ میچ کے برعکس وکٹ بیٹنگ کیلیے بہتر تھی، بولرز نے غلطیوں سے سبق سیکھا اور آخری اوور سے قبل ہی خاصی حد تک نتیجہ اپنے حق میں کر لیا۔

Recommended Stories

Load Next Story