ون ڈے رینکنگ بھارت کے پاس پہلی بار نمبر ون بننے کا موقع

چھٹے نمبر پر موجود پاکستان کلین سوئپ کی صورت میں سری لنکا کی جگہ پانچویں پوزیشن پر آجائے گا۔


Sports Desk December 29, 2012
ون ڈے کرکٹ میں بھارت تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ فوٹو : بی سی سی آئی

پاکستان کے خلاف پہلا ون ڈے جیت کر بھارت کو آئی سی سی رینکنگ میں پہلی بار نمبر ون بننے کا موقع مل گیا۔دوسری جانب گرین شرٹس بھی کلین سوئپ کی صورت میں پانچویں پوزیشن اپنے نام کر سکتے ہیں، کوئی پاکستانی ٹاپ 10 بیٹسمینوں میں شامل نہیں، البتہ ابتدائی دو بہترین بولرز سعید اجمل اور محمد حفیظ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتوار سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی بلو شرٹس کو تاریخ میں پہلی بار نمبر ون ٹیم کا اعزاز دلا دے گی۔

رینکنگ کے اجرا سے اب تک بھارت کی بہترین پوزیشن 2 رہی ہے، ٹیم اس وقت120 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود اور ابتدائی دو ٹیموں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سے اس کا فاصلہ محض ایک پوائنٹ کا ہے، پہلے میچ میں فتح بلوشرٹس کے پوائنٹس بھی121 کر دے گی مگر اعشاریائی فرق اسے انگلش سائیڈ اور پروٹیز سے آگے لے جائے گا، اگر بھارتی ٹیم نے سیریز کے تینوں میچز جیت لیے تو اس کے پوائنٹس123 اور پہلی پوزیشن مستحکم ہو جائے گی، البتہ ایک بھی ناکامی پر اسے موجودہ نمبر تین پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب چھٹے نمبر پر موجود پاکستان کلین سوئپ کی صورت میں سری لنکا کی جگہ پانچویں پوزیشن پر آجائیگا، چوتھا نمبر آسٹریلیا کا ہے جبکہ ٹاپ10کی دیگر سائیڈز ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش ، نیوزی لینڈ اور زمبابوے ہیں۔ دس بہترین بیٹسمینوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، سب سے بہتر پوزیشن عمر اکمل کی 13 ہے، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا سرفہرست ہیں۔ بولرز میں سعید اجمل نمبر ون اور حفیظ دوسری پوزیشن پر ہیں، پاکستانی کپتان کا آل رائونڈرز میں دوسرا اور شاہدآفریدی کا چوتھا نمبر رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں