مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ترجمان دفتر خارجہ

کشمیر میں ہندؤں کے ڈومیسائل بنا کرغیرقانونی آباد کاری کی جارہی ہے یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، پاکستان

اقوام متحدہ میں کشمیرکا معاملہ اُٹھائیں گے اور بھارت کی پاکستان میں مداخلت کا ڈوزئیر بھی جلد جمع کرایا جائے گا، نفیس زکریا :فوٹو : فائل

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں قتل عام کشمیریوں کی نسل کشی اور وہاں ہندؤں کے ڈومیسائل بنانا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

اسلام آباد میں کشمیرسیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ 6 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے جارحیت جاری ہے اور اس دوران 7 ہزار سے زائد کشمیریوں کو بینائی سے محروم کردیا گیا ہے، 150 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیا جب کہ 10 ہزار نوجوان حراست میں ہیں، کشمیر میں قتل عام کرکے کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اور اب بھارت کی جانب سے کشمیر میں ہندؤں کے ڈومسائل بنا کر غیرقانونی آباد کاری کی جارہی ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نوجوان حریت رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 5 ماہ تک کرفیو نافذ رہا گزشتہ 6 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی عروج پر ہے لیکن بھارتی فوج کے بلیک آؤٹ کے باعث کشمیر کی اصل صورتحال دنیا تک نہیں پہنچ رہی تھی اب وقت ہے کہ اُسکا حساب لیا جائے۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: ہندوؤں کو ڈومیسائل کے اجرا کے خلاف احتجاج

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان مستقل طور پر مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر اٹھارہا ہے، اقوام متحدہ کے نئے جنرل سیکرٹری نے اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے ان کے سامنے بھی کشمیر کا معاملہ اُٹھائیں گے اور بھارت کی پاکستان میں مداخلت کا ڈوزئیر بھی جلد جمع کروا دیا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ناممکن

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے کشمیر سیمینار کا مقصد بھی کشمیریوں کی آواز اقوام عالم تک پہنچانا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے اتنے مظالم ڈھائے جارہے ہیں کہ ہر ماہ ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے تو بھی کم ہے اس کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے کشمیری رہنماؤں کو روکا گیا اور ان کا سامان بھی چھین لیا گیا جس کی پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
Load Next Story