کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں سندھ حکومت سے مکمل تعاون کریں گے سعد رفیق

اورنج لائن منصوبہ پنجاب حکومت کا اپنا ہے ریلوے کا نہیں، خواجہ سعد رفیق

سی پیک میں پاکستان ریلوے کے تین بڑے منصوبے شامل ہیں، سعد رفیق: فوٹو: فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ کی آمد کے بعد سندھ حکومت نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر سنجیدگی دکھائی ہے اور وفاقی حکومت بھی اس منصوبے پر مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماراچین کا دورہ بڑا مثبت رہا ہے، چین میں سارے صوبوں کے وزرا اعلی نے یک زبان ہو کربات کی، چین اورپاکستان نے ایم ایل ون کوسنگ میل قراردیا ہے، ایم ایل ون پرچین کے ساتھ اب صرف دستخط ہونا باقی ہیں، حویلیاں سے خنجراب کے زریعے چین تک ریلوے ٹریک پہنچائیں گے جب کہ حویلیاں ڈرائی پورٹ بھی منصوبے میں شامل ہے۔ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن اور گوادر کو نیشنل ریلوے سے ملائیں گے، سی پیک میں پاکستان ریلوے کے تین بڑے منصوبے کراچی سرکلرریلوے، پشاورماس ٹرانزٹ اورکوئٹہ ماس ٹرانزٹ شامل ہیں، اورنج لائن منصوبہ پنجاب حکومت کا اپنا ہے، ریلوے کا نہیں۔


خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مراد علی شاہ کی آمد کے بعد سندھ حکومت نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر سنجیدگی دکھائی، وفاقی حکومت بھی اس منصوبے پر حکومت سندھ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی، کراچی سرکلرریلوے پر35 چھوٹے بڑے اسٹیشن آتے ہیں، ان تمام اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے کے سی آر کو ٹرانسپورٹ ورکنگ گروپ کے حوالے کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماس ٹرانزٹ منصوبہ پشاور سے نوشہرہ، نوشہرہ سے مردان، مردان سے چارسدہ تک ہو گا، پشاور ماس ٹرانزٹ پر پرویز خٹک کا رویہ مثبت تھا، اس منصوبے سے 30 لاکھ لوگ مستفید ہوں گے، پرویز خٹک اور میں چین سے اکٹھے واپس آئے اور ان کے ساتھ خوشگوار انداز میں بات ہوئی، لوگوں نے ہمیں آپس میں لڑنے کے لئے ووٹ نہیں دیا اور جب الیکشن کا طبل بجے گا اس وقت لڑائی کرلیں گے۔
Load Next Story