آئی لینڈرز ناکامیوں کے سمندرمیں غرق ہوگئے

ربادا نے درگت بنا دی جب کہ میچ میں 10 وکٹیں لے اڑے اور جنوبی افریقہ 282 رنزسے کامیاب


Sports Desk January 05, 2017
ربادا نے درگت بنا دی جب کہ میچ میں 10 وکٹیں لے اڑے اور جنوبی افریقہ 282 رنزسے کامیاب- فوٹو: اے پی

HYDERABAD: کاگیسو ربادا نے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم کی درگت بنا دی اور جنوبی افریقہ نے 282 رنز کے بڑے مارجن سے فتح سمیٹ کر سیریز میں بھی 0-2 سے حتمی برتری حاصل کرلی۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے کامیابی کیلیے 507 رنز کے ورلڈ ریکارڈ ہدف کا تعاقب 130 رنز 4 وکٹ سے دوبارہ شروع کیا، مگر صرف 100 منٹ کے اندر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ آخری 6 وکٹوں کے دوران صرف 94 رنز بنے، دنیش چندیمل 30 رنز بناکر دن کے پہلے شکار ثابت ہوئے، ربادا کی گیند کو فضا میں اچھالنے کا نتیجہ شارٹ لیگ پر اسٹیفن کک کے کیچ کی صورت میں نکلا، اپل تھارنگا نے صرف12 رنز بناکر بیٹ کو تیزی سے گھمایا، ٹاپ ایج پر گیند سیدھی وکٹ کیپر کوئنٹین ڈی کک کے گلوز میں چلی گئی، وکٹ ربادا کے ہی نام رہی۔ اب نوجوان فاسٹ بولر نے ایکسٹرا باؤنس سے سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز کو حیران کیا، گیند نے ان کے بیٹ کا کنارہ چھوا اور وہ 49 رنز پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے۔

سورنگا لکمل (10) بھی ربادا کی اٹھتی ہوئی گیند پر وکٹ کیپر کا کیچ بنے، نویں وکٹ کیلیے رنگانا ہیراتھ اور لاہیرو کمارا نے تھوڑی مزاحمت کرنا چاہی مگر کیشیو مہاراج نے 9 رنز پر کمارا کو گھیر کر کریز سے باہر نکالا اور ڈی کک نے اسٹمپڈ کردیا۔ نوان پردیپ (5) کو ورنون فلینڈر نے بولڈ کرکے میچ کا حریف ٹیم کے اسکور 224 پر اختتام کردیا۔ ہیراتھ 35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔اننگز میں 6 اور مجموعی طور پر 10 وکٹ لینے والے ربادا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، فلینڈر نے دوسری باری میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں