کے الیٹرک کی اوور بلنگ میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا محتسب عدالت

 کئی شہریوں کو ملنے والے اضافی بلوں کا خاتمہ، میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھیجنے کا حکم، بجلی چوری کی رپورٹ مسترد۔


Staff Reporter January 06, 2017
 کئی شہریوں کو ملنے والے اضافی بلوں کا خاتمہ، میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھیجنے کا حکم، بجلی چوری کی رپورٹ مسترد۔ فوٹو؛ فائل



کے الیکٹرک کی اووربلنگ میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا،محتسب عدالت میں کے الیکٹرک کیخلاف شہریوں کا شدید ردِ عمل نظرآرہا ہے،یہ بات فاقی محتسب اعلیٰ ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے کہی، وہ ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں کے الیکٹرک کے خلاف غریب شہریوں کی جانب سے دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کررہے تھے۔

محمد یامین نے کہا کہ کے الیکٹر ک کے رویے سے غریب شہری بلبلا اٹھے ہیں،کے الیکٹرک کے دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں، محتسب عدالت شہریوں کی شکایتیں سننے والامنفرد ادارہ ہے جہاں بغیر کسی فیس اور بغیر کسی وکیل کے انصاف فراہم کیا جارہا ہے، محتسب عدالت میں موجود درخواست گزار محمد یونس نے بتایا کہ اس کا گھر8 ماہ سے بند ہے اس کے باوجود 48 ہزارروپے کا اضافی بل آ گیا ہے جس پر کے الیکٹرک کے نمائندے وقاص احمد نے اپنی رپورٹ پیش کی جس میں بجلی چوری کا الزام لگایا گیا ہے، محتسب عدالت نے بجلی چوری کا الزام مسترد کرتے ہوئے اضافی بلنگ کا خاتمہ کر دیا، ساجد حسین نے بتایا کہ وہ ریٹائرڈ ملازم ہے ،گھر کا سامان بیچ کر بھی بجلی کا بل نہیں بھرسکتا اسے اووربلنگ سے نجات دلائی جائے۔

محتسب عدالت کے جج محمد یامین نے کے الیکٹرک کے نمائندے کی مشاورت سے اضافی بلنگ کا خاتمہ کر دیا، مدعی محمد عقیل نے محتسب عدالت سے اپنی درخواست میں شکایت کی کہ اسے کے الیکٹرک نے اضافی بل بھیج دیا ہے اس کو وہ بھرنے سے قاصر ہے، محتسب عدالت کے جج نے کیس کا جائزہ لینے کے بعد نہ صرف اضافی بلنگ کا خاتمہ کردیا بلکہ بقیہ رقم 18قسطوں میں ادا کرنے کا حکم دیا، مدعی خورشید احمد نے اووربلنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے محتسب عدالت سے استدعا کی اسے میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھیجنے کا حکم دیا جائے جس پر محتسب عدالت نے کے الیکٹرک کی سرزنش کے بعد میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھیجنے کا حکم دیا۔

مدعیہ رفیقہ نے بتایا کہ وہ انتہائی غریب اور بیوہ ہے بچے کا جوس کا ٹھیا ہے جس سے گھر کی دال روٹی چلتی ہے جبکہ کے الیکٹرک نے اسے 79ہزار روپے کا بل بھیج دیا ہے اس کو بھرنے سے وہ قاصر ہے کے الیکٹرک کے دفتر چکر لگا لگاکر بیمار پڑگئی ہے محتسب عدالت سے انصاف کی درخواست ہے،محتسب عدالت نے کے الیکٹرک کو دوبارہ سروے کا حکم دیاتاکہ ناجائز بل کاخاتمہ ہوسکے۔

مدعیہ فرزانہ زاہد نے بتایا کہ وہ ہیپاٹائیٹس کی مریضہ ہے علاج کیلیے پیسے نہیںہیں،کے الیکٹرک نے ایک لاکھ روپے سے زائد کا بل بھیج دیا ہے جسے وہ بھرنے سے قاصر ہے ،محتسب عدالت نے کیس کا جائزہ لینے کے بعد اسے وفاقی محتسب اعلیٰ کے رجسٹرار کو بھیج دیا، مدعی حبیب احمد عباسی نے محتسب عدالت کو بتایا کہ وہ کے الیکٹرک کی اووربلنگ کی وجہ سے بے حد پریشان ہے ،انصاف دلایا جائے، محتسب عدالت نے کے الیکٹرک کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کے الیکٹرک کو میٹر ریڈنگ کے مطابق بل بھیجنے کا حکم دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں