ملک بھر میں بارش پہاڑوں پر برفباری سے سردی مزید بڑھ گئی

وادی سوات، کالام، مالم جبہ، شانگلہ، چمن و دیگر علاقوں میں ریکارڈ برفباری،سڑکیں بند۔


News Agencies/Numaindgan Express December 29, 2012
وادی سوات، کالام، مالم جبہ، شانگلہ، چمن و دیگر علاقوں میں ریکارڈ برفباری،سڑکیں بند۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں ہونیوالی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی جبکہ دھند کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت گھنٹوں تاخیر کا شکار رہی۔

ادھر موٹروے پر چکوال کے قریب شدید دھند اور پھسلن کے باعث کار بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جسکے نتیجے میں سانگلہ ہل کی رہائشی خاتون شبانہ سید جاں بحق جبکہ اسکی بیٹی عصبہ اور بھائی ظہیر عباس شدید زخمی ہو گئے۔ جمعے کو لاہور میں صبح سے لیکر شام تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں بھی بارش ہوئی، لنڈی کوتل میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جبکہ وادی سوات، کالام، مالم جبہ اور شانگلہ، چترال، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، چمن کے علاقوں میں ریکارڈ برفباری کے باعث لواری ٹنل اور دیگر سڑکیں بند ہو گئیں۔

03

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک بارش اور برفباری جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں دھند پڑیگی۔ دریں اثنا گوجرانوالہ ریجن بھر میں کہیں بوندا باندی کہیں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ سے شہری گھروں میں مقید ہو گئے، محلوں میں کیچڑ کے باعث شہریوں کو آمدورفت کے حوالے سے مشکلا ت کا بھی سامنا رہا ہے۔ اس دوران وقفے وقفے سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی جاری رہی۔

سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہائوالدین، سرائے عالمگیر، ملکوال، سمبڑیال میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور مرجھائے ہوئے چہرے کھل اُٹھے جب کے سردی کی شدت کے باعث گرم اشیاء کی خرید وفروخت میں بھی اضافہ ہو گیا، کوئلے اور گیس سلنڈروں کی دکانوں پر رش دیکھنے میں آیا، ٹھنڈ ے موسم میں گرماگرم کھانوں کے مراکز مچھلی ،پکوڑے سمیت خشک میوہ جات کی دکانوں پر لوگوں کا تانتا بندھا رہنے سے دکانداروں کی چاندی رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں