الیکشن ملتوی نہیں ہونے دینگے5سال تک صبر کیا نواز شریف

اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے ، کارکن انتخابات کی تیاری شروع کردیں

اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے ، کارکن انتخابات کی تیاری شروع کردیں۔ فوٹو: آئی این پی

مسلم لیگ(ن) کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائیں گے۔

کارکن اپنی تیاریاں مکمل کر لیں اور عوام سے رابطے تیز کر دیں،آئندہ حکومت مسلم لیگ ن کی ہی ہو گی۔ ہم نے اور عوام نے دل پرپتھر رکھ کر پانچ سال صبر کیا۔ جمعہ کوخیبرپختوانخوا سے پارٹی کے مرکزی رہنما امیر مقام اور ایک وفد سے ملاقات میں انھوں نے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے قومی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ اگر عوام نے موقع دیا تو انہیں خسارے سے نکال کر منافع بخش اداروں میں تبدیل کریں گے۔ نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کھلی کتاب کی مانند ہے، پہلے بھی ملک وقوم کے مفادات میں اقدامات اٹھائے، آئندہ بھی اسی مشن پر کاربند رہیں گے ۔




آئی این پی کے مطابق امیرمقام سے ملاقات میں نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے حالات روزبروز خراب ہوتے جارہے ہیں، اس لئے ضروی ہوچکا ہے کہ ملک میں شفاف اور بروقت انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوام اپنی مرضی سے نمائندے منتخب کرسکیں۔ (ن) لیگ کی اصولی اور عوامی سیاست کی وجہ سے عوام ہم پر اعتماد کرتے ہیں اور سیاسی لوگ بھی (ن) لیگ میں شامل ہورہے ہیں ۔ پاکستان کا مستقبل صرف جمہوریت سے وابستہ ہے۔ ''تبدیلی اور اصلاحات''کے نعرے لگانیوا لے گمراہ نہیں کرسکتے۔ نواز شریف سے بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
Load Next Story