ڈاکٹر طاہر القادری کا الطاف حسین کو فونمارچ میں شرکت کی دعوت

ہم ہر اس آواز کا ساتھ دیں گے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام، موروثی سیاست اور کرپٹ کلچر کے خلاف اٹھے گی،الطاف حسین


Express Desk/staff Reporter December 29, 2012
دونوں رہنماؤں کے درمیان فون پر ہونے والی گفتگو میں 14جنوری کے مجوزہ مارچ اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا فوٹو: فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری نے جمعے کو متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کو 14جنوری کو اسلام آباد میں ہونیوالے مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان فون پر ہونے والی گفتگو میں 14جنوری کے مجوزہ مارچ اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے انھیں بتایا کہ ان کے رہنماؤں کا اعلیٰ سطح کاوفد ایم کیوایم کو 14جنوری کے مارچ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دینے کے لیے کل (ہفتے کو) کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو جائے گا۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی دعوت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پاکستان عوامی تحریک کے وفد کو نائن زیرو پر خوش آمدید کہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے مارچ میں شرکت کی باقاعدہ دعوت موصول ہونے کے بعد رابطہ کمیٹی اپنے مشترکی اجلاس میں اس پر غور کرے گی ۔انھوں نے کہا کہ ہم روز اوّل سے ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ، موروثی یعنی خاندانی سیاست اور کرپٹ پولیٹیکل کلچر کے خاتمے کی جدوجہد کررہے ہیں اور اس جد وجہد میں ہمارے ہزاروں ساتھی شہید ہوچکے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم ہر اس آواز کا ساتھ دیں گے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام، موروثی سیاست اور کرپٹ کلچر کے خلاف اٹھے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے الطاف حسین سے کہا کہ ملک سے فرسودہ نظام، موروثی سیاست اور کرپٹ کلچر کی تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم اور پاکستان عوامی تحریک کے نظریات میں مکمل ہم آہنگی ہے اور انشااللہ ہم اس مقصد کے لیے باہمی تعاون کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔