بلاول کو وقت سے پہلے استعمال کرلیا گیا ناہید خان

حکومتی غلطیاںایسے نوجوان کی جھولی میں ڈال دی گئیں جو ابھی الیکشن بھی نہیں لڑ سکتا.

عدلیہ اور مخالف سیاستدانوں پر تنقید نامناسب تھی، اوکاڑہ پریس کلب میں اظہار خیال۔ فوٹو: فائل

لاہور:
بھٹو شہید ورکرز موومنٹ کی قائد ناہید خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کیلیے ایک کامیاب کارڈ تھا جسے وقت سے پہلے استعمال کر لیا گیا۔

آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی حکومت کی 5 سال کی غلطیاں ایک ایسے نوجوان کی جھولی میں ڈال دیں جس کی عمر بھی ابھی الیکشن لڑنے والی نہیں۔ بلاول بھٹو کو چاہیے تھا کہ وہ اپنی پہلی تقریر میںعدلیہ سمیت سیاسی لیڈروں پر تنقید نہ کرتے ۔ اوکاڑہ پریس کلب کے ارکان سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ بینظیر بھٹو کا بیٹا ہونے کی وجہ سے میر ی دعائیں تو بلاول کے ساتھ ہیں تاہم انھوں نے عملی سیاست میں آنے کیلئے جو پہلی تقریر کی وہ انھوں نے خود نہیں لکھی تھی بلکہ لکھ کر دی گئی تھی۔




اس تقریر کے کچھ حصے اچھے تھے مگر عدلیہ اور مخالف سیاستدانوں پر تنقید نامناسب تھی، عدلیہ ریاست کا مضبوط پلر ہے۔ بلاول بھٹو کو پہلی تقریر میں مین آف اسٹیٹ نظر آنا چاہیے تھا۔ وہ کسی پر تنقید کرنے کی بجائے مسائل کے حل کی بات کر تے تو بہت اچھا ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے نہیں سمجھ آرہی کہ بلاول نے اپنی ماں کے قتل کے حوالے سے کس کیس کا گلہ عدلیہ سے کیا۔ ابھی تک تو بلاول کے والد کی حکومت یہ طے نہیں کر سکی کہ محترمہ بینظیر بھٹو کا قاتل کون ہے۔ ناہید خاں نے کہا کہ میرے نزدیک ابھی بلاول کی عمر عملی سیاست میں آنے والی نہیں تھی۔
Load Next Story