مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے مظالم جاری مزید 2کشمیری شہید متعدد زخمی

حالیہ دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کاحامل ہے،مسئلہ کشمیرکےحل کی راہ ہموارہوگی، میر واعظ.


News Agencies December 29, 2012
پلوامہ: کشمیری خواتین بھارتی فوج کے ہاتھوں قتل لشکر طیبہ کے امتیاز احمد کی تدفین کے موقع پر غمزدہ ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے اس نوجوان کو ضلع کے علاقے ببگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے علاقے میں گولہ باری کے ذریعے متعدد رہائشی مکانات بھی تباہ کر دیے۔ فوجی کارروائی کے خلاف احتجاج کے لیے لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ فوجیوں نے مظاہرین پر فارنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔اے ایف پی کے مطابق بھارتی فوجیوں نے جمعے کو کشمیر میں حریت پسندوں کی ہلاکت کیخلاف احتجاج کرنے والے 2 کشمیریوں کو ہلاک اور7کو زخمی کردیا۔ سرینگر سے 30 کلو میٹر دور پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کے ساتھ لڑائی میں لشکر طیبہ کے 2حریت پسندوں ہلاک ہوگئے تھے۔

پلوامہ کے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل پولیس وجے کمارکا کہنا ہے کہ 7کشمیری افراد احتجاج کے دوران ایک فوجی ایمبولینس پر حملے کے دوران زخمی ہوئے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پلوامہ میں کرفیو نافذکردیا گیا ہے۔ ادھرایک بھارتی پولیس اہلکار نے ضلع جموں میں ایک کالج کی طالبہ کی بے حرمتی کی کوشش کی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانسٹیبل راجیندر سنگھ نے جموں پٹھان کوٹ ہائی وے پر باری براہمانہ کے مقام پر ایک چلتی بس میں طالبہ کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی ۔ دریں اثنا سرینگر میں ٹاڈا کی ایک عدالت نے ایک مقدمے میں 25سال بعد11افراد کو رہا کر دیا۔

7

یہ مقدمہ ان افراد کے خلاف پولیس نے1987کے نام نہاد اسمبلی انتخابات کے دوران انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے پر درج کیا تھا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق استغاثہ کی طرف سے مقدمے میں گواہان پیش نہ کرنے پر تمام ملزمان کو باعزت بری کیا گیا۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور دیگر رہنما دورہ پاکستان کے بعد جمعے کو جب سرینگر ایئر پورٹ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر نعروں کی گونج میںمیر واعظ عمر فاروق ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، مختار احمد وازہ اور مصدق عادل کا استقبال کیا ۔

میر واعظ اور آغاسید حسن کو جلوسوں کی صورت میں جامع مسجد سرینگر اوربڈگام لے جایا گیا۔ میر واعظ نے جامع مسجد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں حریت رہنمائوں کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہو گی۔ انھوںنے کہاکہ پاکستانی قیادت اور عوام کشمیریوں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور انھوںنے ہمیشہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی،سفارتی اوراخلاقی حمایت کی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔