ماہِ رمضان اور پوشمال پری کا تحفہ

ماہِ رمضان اور پوشمال پری کا تحفہ

ماہِ رمضان اور پوشمال پری کا تحفہ

LONDON:
آپا! مجھے نیند نہیں آرہی۔ ننھی پوشی نے کہا۔

آیۃ الکرسی پڑھو اور اچھا سا خواب دیکھنے کی خواہش میں سوجائو۔ آپا نے ننھی کو سمجھایا۔

اچھا سا خواب۔۔۔! ننھی پوشی سوچنے لگی۔ آپا تھوڑی دیر جاگتی رہیں پھر جب دیکھا کہ ننھی پوشی سوگئی ہے تو وہ بھی سوگئیں۔

ننھی پوشی نے کھڑکی سے ایک نیک پری آتے دیکھی جس کے ہاتھ میں ستارہ تسبیح تھی۔ وہ ننھی پوشی کے قریب آکر رُک گئی۔ ننھی پوشی پہلے تو گھبرائی لیکن جب پری نے اسے ایک پیارا سا تحفہ دیا تو خوش ہوگئی۔ یہ تحفہ بہت پیارے سے تھال میں دوشالے سے لپٹا ہوا تھا۔ ننھی پوشی نے پوچھا، یہ کیا ہے نیک پری؟

یہ تمہارے لیے میری طرف سے رمضان کا تحفہ ہے۔ لیکن یہ تحفہ میں تمہیں تب دوںگی جب تم مجھ سے یہ وعدہ کروگی کہ میری نصیحتوں پر ہمیشہ عمل کروگی۔ ننھی پوشی نیک پری کی بات فوراً مان گئی اور بولی، جلدی سے بتائیں، آپ کی نصیحت کیا ہے؟

نیک پری بولی، میرا نام پوشمال پری ہے اور میں ننھے منے بچوں کو ہر رمضان المبارک میں نصیحتیں کرتی ہوں۔ آج تمہاری آیۃ الکرسی کی قرآت مجھے پسند آگئی تو مَیں تمہارے پاس آگئی۔ میری پہلی نصیحت یہ ہے کہ تم بڑی ہوگئی ہو لہٰذا، رمضان المبارک کے روزے رکھو، پابندی سے نماز پڑھو اور قرآن پاک کی تلاوت کرو۔


ننھی پوشی نے وعدہ کیا کہ وہ ضرور روزے رکھے گی اور نمازیں بھی پڑھے گی۔ پوشمال پری نے شاباشی دیتے ہوئے کہا، میری دوسری نصیحت یہ ہے کہ تم روزہ رکھنے اور افطار کرنے کی دعائیں بھی سیکھو اور اگر مشکل لگے تو ترجمہ ہی سیکھو۔

پیاری پری! میں ضرور روزہ رکھنے اور افطار کرنے کی دعائیں سیکھوںگی۔ ننھی پوشی نے کہا۔

نیک پری بولی، بہت خوب! میری اگلی نصیحت یہ ہے کہ تم اپنی جماعت میں ہر روز نعت پڑھو۔ ننھی پوشی بولی، مجھے بھی نعت پڑھنے کا بہت شوق ہے۔ مَیں آپ کی اس نصیحت پر بھی ضرور عمل کروںگی۔

اس کے ساتھ ساتھ ہر روز روزے کی متعلق ایک حدیث بھی یاد کرنی ہے۔ پوشمال پری کی یہ نصیحت بھی ننھی کو بہت پیاری لگی۔ اس نے کہا، میں اپنی آپا شمع سے ہر روز حدیث سیکھوں گی اور حدیث کے بارے میں اپنی سہیلیوں کو بھی بتائوںگی۔ تمہیں پہلے عشرے کی دعا تو آتی ہے ناں؟ پوشمال پری نے پوچھا تو ننھی پوشی نے کہا، تھوڑی تھوڑی یاد ہے لیکن شمع آپا سکھا دیں گی۔ پوشمال پری بولی،

میں اب اگلے عشروں میں آئوںگی۔ تم بہت اچھی بچی ہو۔ مجھے تمہاری میٹھی باتیں بڑی اچھی لگیں۔ یہ کہہ کر پری نے تحفہ ننھی پوشی کو دے دیا۔ جب پری چلی گئی تو ننھی پوشی نے تھال سے رنگین کپڑا اٹھایا۔ اُس میں قرآن پاک، اسکارف، گڑیا اور کھجوریں تھیں۔ اس کے علاوہ ایک چھوٹا سا کاغذ تھا جس پر لکھا تھا،

میری ننھی پوشی! مجھے مکمل اعتماد ہے کہ تم میری نصیحتوں پر عمل کروگی۔ اتنے میں شمع آپا نے ننھی پوشی کو پہلا روزہ رکھنے کے لیے اُٹھایا تو وہ واقعی حیران رہ گئی کہ اس کی میز پر ان ہی چیزوں سے بھرا تھال رکھا تھا جو پوشمال پری اسے دے کر گئی تھی۔

دادی اماں بولیں، جنت کی پری نے میری ننھی پوشی کے لیے یہ سحری کا تحفہ بھیجا ہے۔
پیارے بچو! ہمیں بھی پوشمال پری کی پہلے عشرے کی نصیحتوں پر عمل ضرور کرنا ہے تاکہ ہمارے تحفے بھی ہمارے گھروں تک پہنچیں۔

Recommended Stories

Load Next Story