زرداری نے دادو میں سندھ یونیورسٹی بینظیرکیمپس کا افتتاح کیا

صدر نے سکرنڈ میں بینظیربھٹویونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزکا سنگ بنیادبھی رکھا.

صدر زرداری اور ان کی بیٹی آصفہ سندھ یونیورسٹی کے بینظیر بھٹو کیمپس دادو کا افتتاح کررہی ہیں۔ فوٹو: این این آئی

ISLAMABAD:
صدر آصف علی زرداری نے دادو میں یونیورسٹی آف سندھ جامشورو کے شہید بینظیر بھٹو کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔

بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ منصوبے پر ایک ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ تین سال میں مکمل ہوگا۔ منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے سندھ حکومت کو بھیج دیاگیا ہے۔ صدر زرداری نے استاد بخاری گورنمنٹ بوائز کالج دادو میں سندھ یونیورسٹی جامشورو کے شہید بینظیر بھٹو کیمپس کا افتتاح بھی کیا۔ یہاں کلاسز کا اجرا پہلے ہی ہوچکا ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے صدر مملکت کوتفصیلی بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں صدر زرداری نے نوڈیروہائوس میں مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ شہید بینظیر بھٹوکے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، مزار کے اوپری حصے کا معائنہ بھی کیا۔ آن لائن کے مطابق صدر زرداری نے ایم این اے سردارمشتاق اور سماجی رہنما تاج محمد شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور کسانوں کو سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیح ہے ۔




این این آئی کے مطابق صدرزرداری نے جمعے کو سکرنڈ میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسزکا سنگ بنیاد رکھا۔منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 3 ارب روپے ہے اور یہ تین برسوں میں مکمل ہو گا۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی یونیورسٹی ہوگی اوراس سے ویٹرنری ہیلتھ اور اینیمل سائنسز کے شعبہ کو فروغ ملے گا۔ لاڑکانہ میں بھی اس کا کیمپس قائم کیا جائے گا۔

صدر مملکت نے سندھ یونیورسٹی جامشورو کی شہید بے نظیر بھٹوچیئر اورکنونشن سینٹرکا بھی افتتاح کیا۔ملتان سے نمائندے کے مطابق نوڈیرو میں اپنی رہائش گاہ پر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و ایم پی اے ملک محمد عامر ڈوگر کی قیادت میں وفد سے ملاقات کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ ن لیگ کو پنجاب حکومت دیکر مفاہمتی عمل آگے بڑھایا،مخالفین 90 کی دہائی میں جانا چاہتے ہیں بلاول بھٹو جلد جنوبی پنجاب سمیت پورے پنجاب کا دورہ کریں گے، ان کا سیاسی ڈیرہ مستقل طور پر لاہور میں ہوگا۔
Load Next Story