غیرمنصفانہ لوڈشیڈنگ قبول نہیںپنجاب کو حق ملنا چاہیے شہباز شریف

صنعتوں کو بجلی نہ ملنے سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہورہے ہیں، یکساں لوڈشیڈنگ کی جائے.


Numainda Express December 29, 2012
عوام نے پنجاب کی امانت آپ کو رکھی ہے، آپ کا تعاون چاہتے ہیں، صنعتکار رہنما۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پورے ملک میں لوڈشیڈنگ منصفانہ اور یکساں ہونی چاہئیے۔

غیرمنصفانہ تقسیم کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل میں پنجاب کے ساتھ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر غیرمنصفانہ سلوک پر بھرپور آواز اٹھائی لیکن ابھی تک متفقہ فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ پنجاب کی صنعتوں کیلیے بجلی کی مکمل بندش سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہورہے ہیں ۔ ماڈل ٹائون میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے چیئرمین احسن بشیر کی سربراہی میں نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی برآمدات متاثر ہونے سے معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچ رہاہے۔

پنجاب اور اسکے عوام کو جائز حق ہر صورت ملنا چاہیئے۔ ایم این اے پرویز ملک، معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق، اپٹما کے عہدیدار شہزاد علی خان،گوہر اعجاز، ایس ایم بشیر، ایس ایم تنویر، وشال منوں اور شیخ اکبر بھی اس موقع پرموجود تھے۔ ملاقات کے دوران پنجاب کی صنعتوں کو گیس اور بجلی کی مکمل بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے توانائی کا بحران روزبروز شدت اختیار کررہا ہے۔

18

پانچ سال گزرنے کے باوجود توانائی کے بحران کے حل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) قومی یکجہتی اور ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے۔ ہمارا ہمیشہ سے یہ واضح موقف رہاہے کہ پورے ملک میں وسائل کی یکساں اور منصفانہ تقسیم ہونی چاہیئے اور اگر کوئی بحران درپیش ہوتو مشکلات بھی آپس میں بانٹنی چاہیئں۔ پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے اور کئی مواقع پر دیگر صوبوں کیلئے اپنے وسائل کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے صوبے کے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر مدلل انداز میں پیش کیا۔ میں نے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کئی ماہ تک مینار پاکستان، دیگر مقامات اور صوبے کے مختلف اضلاع میں ٹینٹ آفس میں شدید گرمی میں صحت کی پرواہ کئے بغیردن رات کام کیا ۔

انہوں نے کہا کہ غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ کا معاملہ خوش اسلوبی اور افہام و تفہیم سے حل ہونا چاہیئے۔ ملک کی معیشت میں پنجاب کا ایک اہم کردار ہے لیکن توانائی کی عدم فراہمی سے صنعتیں بند ہورہی ہیں جس سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہو رہے ہیں۔ ایکسپورٹ متاثر ہورہی ہیں اور صنعتکاروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائیگا۔ اپٹما کے وفد نے وزیراعلیٰ کو صنعتوں کیلئے گیس اور بجلی کی مکمل بندش اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔وفد نے کہاکہ ہمیں آپ سے دلی لگائو ہے اور حلفاً کہتے ہیں کہ ہم آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ عوام نے پنجاب کی امانت آپ کو سونپ رکھی ہے ہم آپ سے تعاون کے خواہاں ہیں کیونکہ ہم اپنا مقدمہ لڑلڑ کر تھک چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں