کرپشن کیس میں شرجیل میمن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت میں کیس کی مزید سماعت 14 جنوری کوہوگی


ویب ڈیسک January 07, 2017
شرجیل میمن اوردیگر افراد پر 5 ارب سے زائد کی کرپشن کا الزام ہے فوٹو: فائل

KARACHI: احتساب عدالت نے 5 ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں سابق صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

کراچی کی احتساب عدالت میں سابق صوبائی وزیرشرجیل میمن اوردیگرملزمان کے خلاف 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران شرجیل میمن کے وکیل نے عدالت کے روبروموقف اختیارکیا کہ ان کے موکل دبئی میں شدید علیل اوراسپتال میں زیرعلاج ہیں، سندھ ہائی کورٹ میں ان کی ضمانت میں توسیع کی درخواست زیرسماعت ہے اور اس درخواست پر10 جنوری کو فیصلہ آنے کی توقع ہے اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمے کی سماعت ملتوی کی جائے۔

شرجیل میمن کے وکلا کی درخواست پرنیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ شرجیل میمن جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے، سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن کی درخواست ضمانت پر کوئی حکم جاری نہیں کیا لہذا ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کئے جائیں۔ عدالت نے شرجیل میمن کے پیش نہ ہونے پرناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 14 جنوری تک کے لئے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ شرجیل میمن پرالزام ہے کہ انہوں نے دیگرملزمان کے ساتھ ملی بھگت کرکے اشتہارات کی مد میں جاری کی گئی رقم میں 5 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔