شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ لندن فلیٹس مریم نوازکے ہیں عمران خان

نیب میں نوازشریف کے خلاف 12 اورشہبازشریف کے خلاف ایک کیس ہے،عمران خان


ویب ڈیسک January 07, 2017
نیب کی وجہ سے کرپشن کم نہیں بلکہ بڑھ رہی ہے،عمران خان فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آئی سی آئی جے کی ای میلز سے ثابت ہوتا ہے کہ لندن کے فلیٹس کی اصل مالکہ مریم نوازہیں۔



لودھراں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ٹرین حادثہ مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، یہ ظاہرکرتا ہے کہ کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی نے کوتاہی کی ہے، جس کے ذمہ داروں کا تعین اورریلوے کے وزیرکومستعفی ہونا چاہیے، جب تک وزیرریلوے استعفیٰ نہیں دیں گے، معاملے کی شفاف تحقیقات نہیں ہوپائے گی، ریلوے کا وزیرایک شخص کی ذاتی کرپشن کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ میں بیٹھا ہوتا ہے تو پھرریلوے کا یہی حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کا خیال ہے کہ وزیراعظم نے لودھراں کے لیے ڈھائی ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کررکھا تھا، اس میں سے تھوری رقم علاقے کے ریلوے پھاٹک پرلگادے۔



نیب کے قوانین سے متعلق عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف بدعنوانی کے 12 اوران کے بھائی شہبازشریف پرکرپشن کا ایک مقدمہ ہے لیکن نیب نے کارروائی نہیں کی، اس ادارے کی وجہ سے ملک میں کرپشن کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے، نیب بڑے ڈاکوؤں کو بچاتی اورچھوٹے چوروں کو پکڑتی ہے، چھوٹےچوروں کو پکڑنے سے ملک میں کرپشن ختم نہیں ہوگی۔



پاناما کیس سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ آئی سی آئی جے کی ای میلزسے ثابت ہوتا ہے کہ لندن کے فلیٹس کی اصل مالکہ مریم نواز ہیں، اگر ہمارے شواہد مان لیے جاتے ہیں تو یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ مریم نواز اپنے والد کی فرنٹ مین ہیں اور یہ ساری رقم نواز شریف کی ہے کیونکہ مریم نواز کے پاس تو دولت نہیں ہے اور نواز شریف نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کرکے فلیٹ لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس سے فارغ ہونے کے بعد آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پرغورکیا جائے گا کیونکہ انشا اللہ اسی برس انتخابات ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔