ملک بھرمیں سردی کی شدت میں اضافہسائبیریا کی سرد ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا

کراچی میں چلنے والی سرد ہوائیں سائبیریا سے قندھار اور پھر بلوچستا ن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئی ہیں،محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں چلنے والی سرد ہوائیں سائبیریا سے قندھار اور پھر بلوچستا ن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئی ہیں، فوٹو: ایکسپریس

GILGIT:
ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سائبیریا کی سرد ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں آئندہ چند روز تک دھند اورشدید سردی کی لہربرقرار رہے گی،دھند کے باعث لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک کا نظام شدید متاثرہواجبکہ شدید دھند کے باعث لاہور ائیر پورٹ پر پروازیں تاخیر کا شکار ہیں ، رات سے حدنگاہ صفر ہونے پر موٹر وے بھی بند ہے۔


مری میں 2 روزسے جاری برفباری کے بعد شہرکی سڑکوں پر کئی کئی فٹ برف جمی ہوئی ہے ، مری جانے والے راستوں پر برف کے باعث سیکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جن میں بڑی تعداد میں خواتین اوربچےبھی سوارہیں جبکہ سڑکوں سے برف صاف کرنے کیلئے نہ تو کیمیکل کا چھڑکاؤ کیا گیا اور نہ ہی مشینیں استعمال کی جارہی ہیں۔ شہر میں ادویات کی قلت بھی پیداہوگئی۔

دوسری جانب یخ بستہ ہواؤں نے بھی کراچی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں چلنے والی سردہوائیں سائبیریا سے قندھار اور پھر بلوچستا ن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئی ہیں ، کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ یہ سرد ہوائیں آئئندہ 2 سے 3 روز تک چلنے کا امکا ن ہے۔
Load Next Story