دورہ آسٹریلیا پاکستان کو مسلسل چوتھی سیریز میں وائٹ واش

1999 سے کینگروز نے ہوم گراؤنڈز پرگرین کیپس کیخلاف لگاتار 12ٹیسٹ جیتے

مسلسل چھٹے میچ میں شکست، تاریخ میں لگاتار ناکامیوں کا سب سے بڑا سلسلہ۔ فوٹو فائل

پاکستان کو آسٹریلیا میں مسلسل چوتھی سیریز میں وائٹ واش کی خفت سے دوچار ہونا پڑا، 1999 سے کینگروز نے اپنے ہوم گراؤنڈز پر گرین کیپس کے خلاف لگاتار 12ٹیسٹ میچز جیتے ہیں۔

مجموعی طور پر یہ پاکستانی ٹیم کی آسٹریلیا میں نویں سیریز ناکامی ہے، اسے مسلسل چھٹے میچ میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جو تاریخ میں اس کی لگاتار ناکامیوں کا سب سے بڑا سلسلہ ہے، اس سے قبل 1999-2000 کے سیزن میں پاکستان کو تین میچز میں آسٹریلیا اور پھر سری لنکا نے 2 ٹیسٹ میں ہرایا تھا۔ گذشتہ 6 میچز سے قبل پاکستان کا مصباح الحق کی قیادت میں جیت اور ہار کا تناسب 2.00 تھا جس میں 24 جیتے اور 12 ٹیسٹ ہارے تھے مگر اب یہ تناسب 1.33 ہوگیا، جس میں 24 فتوحات اور 18 ناکامیاں شامل ہیں۔


دریں اثنا ڈیوڈ وارنرنے مسلسل دوسری مرتبہ سڈنی ٹیسٹ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔گذشتہ سال انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح گر پرفارمنس دی تھی۔ ڈیبیو کے بعد سے یہ ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹا مین آف دی میچ ایوارڈ ہے، ان سے آگے اسٹیون اسمتھ (7) اور رنگانا ہیراتھ (9) موجود ہیں۔ ناتھن لیون کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 228 ہوچکی، اس طرح انھوں نے آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ شکار کرنے والے بولرزکی فہرست میں رے لینڈویل کے ساتھ دسویں پوزیشن سنبھال لی، آسٹریلوی اسپنرز میں صرف رچی بینیو (248) اور شین وارن (708) لیون سے آگے ہیں۔

 
Load Next Story