نوازشریف 30 سال تک کرپشن کرکے ماہر ہوچکے ہیں عمران خان

پاناما لیکس کے معاملے پر نوازشریف اللہ کی پکڑ میں آچکے ہیں، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک January 08, 2017
موٹو گینگ نے اتنے جھوٹ بولے کہ ان کے ماں باپ بھی انہیں نہیں پہچانتے، عمران خان۔فوٹو : ایکسپریس

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے 30 سال میں اتنی کرپشن کی ہے کہ اب وہ اس میں ماہر ہو چکے ہیں۔



بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے دھرنے کے بعد سے ملک کی تقدیربدل چکی ہے، دھرنے کی وجہ سے قوم میں شعور پیدا ہو چکا ہے اور آج کا پاکستانی پہلے سے بہت زیادہ باشعور ہو چکا ہے، کوئی بھی طاقت پاکستان کو عظیم ملک بننے سے نہیں روک سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بیٹے پیسے چوری کر کے ملک سے باہر لے کر گئے، وہ 1999 میں وہ طالبعلم تھے اور صرف 2 سال میں اربوں روپے کما لئے۔



عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے 30 سال میں اتنی کرپشن کی ہے کہ اب وہ اس میں ماہر ہو چکے ہیں، ان کی کرپشن کا کسی کو بھی پتہ نہیں لگنا تھا لیکن پاناما لیکس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد نوازشریف اللہ کی پکڑ میں آ چکے ہیں جب کہ جھوٹ بول بول کر موٹو گینگ کے چہرے بدل گئے ہیں، موٹو گینگ نے اتنے جھوٹ بولے کہ ان کے ماں باپ بھی انہیں نہیں پہچانتے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ ان کے بچوں نے لندن میں محنت کی لیکن پھر یہ بیان سامنے آیا کہ فلیٹس مریم نواز کے نہیں بلکہ حسین نواز کے ہیں کیونکہ مریم نواز اپنے والد نواز شریف کے ساتھ رہتی تھیں لہذا ان کے پاس پیسا نہیں تھا تو پھر ہمیں بتایا جائے کہ ان دو کمپنیوں کا مالک کون ہے۔



چئیر مین تحریک انصاف نے کہا کہ سارے پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا 57 فیصد لاہور پر خرچ کیا جارہا ہے جس کے باعث جنوبی پنجاب کے لوگ پیچھے رہ گئے ہیں صرف ملتان میں میٹرو بن رہی ہے کیونکہ اس کا پیسا کسی اور کی جیب میں جانا ہے، جنوبی پنجاب میں کسانوں پر پیسہ خرچ ہوگا تو خوشحالی آئی گی لیکن پیسہ ایک چھوٹے ٹولے کے پاس جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا ہر شہری ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا مقروض ہو چکا ہے تاہم پاناما کیس میں اگر انصاف مل گیا تو اس ملک کی تقدیر بدل جائے گی اور کسی طاقتور میں اتنی جرات نہیں ہوگی کہ وہ قوم کا پیسا چوری کرکے ملک سے باہر لے جائے کیونکہ جب کرپشن ہوگی تو قوم غریب ہوجائے گی اور پھر ملک چلانے کے لیے قرضہ لینے کی ضرورت پڑے گی۔

عمران خان نے کہا کہ خواجہ آصف کہتے ہیں کہ پاناما لیکس پاکستان کے عوام کا مسئلہ نہیں، اگر یہ پاکستان کا نہیں تو پھر کیا بھارت کا مسلہ ہے جب کہ فضل الرحمان کے حوالےسے ان کاکہنا تھا کہ وہ نواز شریف کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں لیکن نہ وہ خود کو بچا سکیں گے اور نہ نواز شریف کو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں