زیادتی کا نشانہ بنائی گئی لڑکی کی موت پر بالی ووڈ سراپا احتجاج

وہ لڑکی بظاہر تو اس دنیا سے جا چکی مگر اس کی روح تا حیات ہمارے دلوں میں بس گئی ہے، امیتابھ بچن

مہیش بھٹ نے کہا کہ یہ بھارت کے لئے رونے کا مقام ہے کیونکہ پورے ملک کے ہاتھ اس کی بیٹیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

دہلی میں 23 سال کی لڑکی کی عصمت دری کے نتیجے میں پیش آنے والی موت پر پوری بالی ووڈ انڈسٹری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سپر اسٹار شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ "مجھے اس معاشرے کا حصہ ہونے پر افسوس ہے"۔ انہوں نے ہلاک ہونے والی لڑکی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہم تمہیں بچا نہیں سکے لیکن تم ایک بہادر لڑکی ہو اور تمہاری آواز ہر دل تک پہنچی ہے۔"

مہیش بھٹ نے کہا کہ تمام مندروں کو بند کر دو جہاں تم خواتین کو بھگوان سمجھ کر پوجتے ہو، انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھارت کے لئے رونے کا مقام ہے کیونکہ پورے ملک کے ہاتھ اس کی بیٹیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔


امیتابھ بچن نے کہا کہ وہ لڑکی بظاہر تو اس دنیا سے جا چکی مگر اس کی روح تا حیات ہمارے دلوں میں بس گئی ہے۔ انو پم کھیر نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس لڑکی کی موت کو انسانیت، معصومیت اور پورے ریاستی ڈھانچے کی موت قرار دیا۔

ابھیشیک بچن نے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ میں ہمیشہ اپنے بھارتی ہونے پر فخر محسوس کرتا رہا مگر اس حادثے کے بعد بحیثیت قوم ہم سب کو شرمندہ ہونا چاہئے۔ شبانہ اعظمی نے کہا کہ ہماری کمزوریاں ہمیں منہ چڑا رہی ہیں اور ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ شاید زیادتی کا نشانہ بنائی گئی لڑکی پوری بھارتی قوم کو بحیثیت قوم کے جگا دے۔

اجے دیو گن نے ٹوئٹر پر سوال کیا کہ انقلاب لانے کے لئے ہمیشہ کسی کی قربانی کی ہی کیوں ضرورت پڑتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس لڑکی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور اپیل کی کہ ملزمان کو پھانسی پر لٹکایا جائے گا۔

ہدایت کار کرن جوہر نے کہا کہ اس لڑکی نے ایک کمزور اور مفلوج ریاست میں اپنے حق کی لڑائی لڑی، ہم سب آج اس واقعے پرشرمندہ ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story