پاکستان ٹیسٹ ٹیم کومزید تنزلی کا خطرہ لاحق

بنگلہ دیش کیخلاف کیویز کی کلین سوئپ فتح مصباح الیون کو مزید پیچھے دھکیل دے گی۔


Sports Desk January 08, 2017
بنگلہ دیش کیخلاف کیویز کی کلین سوئپ فتح مصباح الیون کو مزید پیچھے دھکیل دے گی ۔ فوٹو: فائل

ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان ٹیم کی مزید تنزلی کا خطرہ بڑھ گیا، نیوزی لینڈ نے اپنی نگاہیں گرین کیپس کو پانچویں پوزیشن سے بھی محروم کرنے پر مرکوز کرلیں، بنگلہ دیش پر کلین سوئپ مصباح الحق الیون کیلیے مزید رسوائی کا پیغام لے کر آئے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے گذشتہ برس اکتوبر نومبر میں ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی مگر زیادہ دیر تک وہاں پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ پایا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں ناکامیوں میں گرین کیپس کو پانچویں نمبر پر پہنچادیا اور اب وہاں سے بھی مزید تنزلی کا خطرہ سامنے آگیا ہے۔ نیوزی لینڈ اس وقت 96 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود اور 12 جنوری سے دو ٹیسٹ میچز کیلیے بنگلہ دیش کی میزبانی کرنے والا ہے، اگر کیویز ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز کی طرح ٹیسٹ معرکوں میں بھی کلین سوئپ کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو ان کے پوائنٹس کی تعداد 98 ہوجائے گی، اس طرح ایک پوائنٹ کی برتری سے وہ پاکستان سے پانچواں نمبر چھین کر اسے چھٹی پوزیشن پر دھکیل دیں گے۔

اگر نیوزی لینڈ یہ سیریز 0-1 سے بھی جیتتا ہے تب بھی اس کے پوائنٹس پاکستان کے برابر 97 ہوجائیں گے، اس صورت میں جس کے اعشاریائی پوائنٹس زیادہ ہوں گے وہی پانچویں نمبر پر رہے گا لیکن اگر سیریز ایک ایک سے برابر ہوجاتی ہے تب پھر پاکستان کی پوزیشن پر سے خطرہ ٹل جائے گا، نیوزی لینڈ کی ٹیم ساتویں نمبر پر چلی جائے گی۔ اگر بنگلہ دیش سیریز 0-1 سے جتتا ہے تو پھر کیویز کو 4 اور بنگال ٹائیگرز کے کلین سوئپ کی صورت میں 5 پوائنٹس کٹوتی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں