سلمان خان پرجیل جانے کی تلوار لٹکنے لگی

اداکار کے خلاف غیر قانونی اسلحہ کیس کا فیصلہ 18جنوری کو سنایا جائے گا جس میں سلمان کو بھی عدالت طلب کیا گیا ہے۔


ویب ڈیسک January 09, 2017
اداکار کے خلاف غیر قانونی اسلحہ کیس کا فیصلہ 18جنوری کو سنایا جائے گا جس میں سلمان کو بھی عدالت طلب کیا گیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے خلاف جودھپور کی عدالت میں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے مقدمہ کا فیصلہ 18 جنوری کو سنایا جائے گا جس کے بعد ایک بار پھر سلو میاں کے سر پر جیل جانے کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔

بالی وو اسٹار سلمان خان اور تنازعات کا آپس میں گہرا تعلق ہے یہی وجہ ہے کہ سلو میاں ایک کے بعد ایک نئی مصیبت میں پھنستے چلے جاتے ہیں جب کہ گزشتہ دنوں ان کے 2 مقدمات میں بریت کے خلاف ریاستی حکومتوں نے بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا لیکن اب ایک اور کیس نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست جودھ پور کی عدالت نے سلمان خان پر قائم غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے کی سماعت کے لیے 18 جنوری کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے اداکار کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے جب کہ سماعت کے موقع پر مقدمے کا فیصلہ بھی سنایا جائے گا تاہم جرم ثابت ہونے کی صورت میں سلو میاں کو 7 سال قید کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سزا کے خطرے کے پیش نظر سلمان خان بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں اور ان کے قانونی مشیروں نے سزا سے بچنے کے لیے دوسری راہیں تلاش کرنا شروع کردی ہیں جس کے بعد ہائی کورٹ سے فوری رجوع کرنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ 1998 میں فلم کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان پر کالے ہرن کے غیر قانونی شکار اور بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے کا مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں