ایزی لوڈ کی دکان میں ڈکیتی نقدی و موبائل فون لوٹ لیے گئے

4 مسلح افراد نے دکان مالک اور دیگر افراد کو یرغمال بنا لیا، متاثرین کا احتجاج، سڑک بلاک کر دی


Numainda Express December 30, 2012
جیل روڈ پر اسٹوڈنٹ پوائنٹ کے نام سے قائم ایزی لوڈ شاپ پر 4 مسلح افراد داخل ہوئے اور وہاں موجود تمام افراد کو یرغمال بنا کے لوٹ لیا۔ فوٹو: فائل

تھانہ مارکیٹ کے علاقے جیل روڈ پر واقع ایزی لوڈ کی دکان میں ڈکیتی ،مسلح افراد دکان مالک سمیت 4 افراد سے ایک لاکھ روپے کے قریب نقدی اور 9 موبائل فون چھین کر لے گئے۔

واقعہ کے خلاف متاثرین اور دکانداروں نے جیل روڈ پر ٹائر جلاکر احتجاج کیا۔ جیل روڈ پر اسٹوڈنٹ پوائنٹ کے نام سے قائم ایزی لوڈ شاپ پر 4 مسلح افراد داخل ہوئے اور وہاں موجود تمام افراد کو یرغمال بنانے کے بعد دکان مالک مظہرالدین سے60 ہزار روپے نقد، 2 موبائل فونز، دکان پر ایزی لوڈ کرانے کے لیے آئے شیراز احمد سے5ہزار روپے نقد اور 2 موبائل فونز، محمد عمر سے 20 ہزار روپے اور 3 موبائل فون جبکہ عرفان سے 5 ہزار روپے اور 2 موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ افراد اور علاقے کے دیگر دکانداروں نے واقعہ کے خلاف جیل روڈ پر احتجاج کیا،مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلاکرٹریفک معطل کر دی اور مارکیٹ پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مذکورہ علاقے میں لوٹ مار کی وارداتیں عام ہیں لیکن پولیس کسی ملزم کو بھی گرفتارنہیں کرسکی۔

یاد رہے کہ تین روز قبل بھی متاثرہ دکان کے قریب واقع کپڑے کی دکانسے15 ہزارروپے لوٹنے کے علاوہ مزاحمت پر دکان مالکان ظفر احمد اور شبیر احمد کو پسٹل کے بٹ مارکر زخمی کر دیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔