کراچی میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے کے باعث دم گھٹنے سے 3 بہن بھائی جاں بحق

بچوں کے والد عمیر اور ان کی اہلیہ شمیم کی حالت تشویش ناک ہے، اسپتال زرائع

گھر میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، فائر بریگیڈ۔ فوٹو : پی پی آئی

لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں عمارت کے کچرے میں لگی آگ کے باعث گھر میں دھواں بھر جانے سے 3 کمسن بہن بھائی جاں بحق ہوگئے جب کہ ماں باپ کی حالت تشویش ناک ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں لیاری کے علاقے نیا آباد میں 4 منزلہ رہائشی عمارت کے اندر موجود کچرے کے ڈھیر میں آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پہلی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے ایک گھر میں دھواں بھر گیا جس سے وہاں رہائش پزیرخاندان کے 3 بچوں سمیت 5 افراد بے ہوش ہوگئے۔ پانچوں افراد کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں تینوں بچے دم توڑ گئے جب کہ میاں بیوی کی حالت تشویش ناک ہے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت 5 سالہ علیہان، 4 سالہ عبدالعزیز اور2 سالہ آمنہ سے ہوئی ہے جب کہ بچوں کے والد عمیر اور ان کی اہلیہ شمیم بدستور اسپتال میں داخل ہیں۔


علاقہ مکین کے مطابق فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچی جب کہ ریسکیو ورکرزکے پاس سیڑھیاں بھی نہیں تھیں، دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع پر فائرٹینڈر بروقت روانہ کردیا گیا تھا۔

Load Next Story