نیو ایئر نائٹ پر موبائل فون سروس بند ڈبل سواری پر پابندی ہوگی

سال نو کے موقع پر سی ویو جانے والے راستے پیر کی صبح سے بند کر دیے جائیں گے

ہوائی فائرنگ کرنیوالے پر اقدام قتل کا مقدمہ،اسلحہ لے کر چلنے پر مکمل پابندی،سی ویو جانیوالی سڑکیں بند اور پارکنگ ممنوع ہوگی،ون ویلنگ اور سائلنسر نکالنے پر کارروائی ہوگی،پولیس ترجمان۔ فوٹو: فائل

پولیس نے نیو ایئر نائٹ پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پیر کی شام 5 بجے سے منگل کی صبح 5 بجے تک موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ نیو ایئر نائٹ کو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے والے شخص کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا ، نیو ایئر نائٹ کے موقع پر اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد ہوگی جبکہ سی ویو جانے والے راستے بھی بند کر کے اس سے ملحقہ علاقوں میں پارکنگ کو ممنوع قرار دیا گیا ہے،سندھ پولیس کے ترجمان ایس ایس پی عمران شوکت نے ایکسپریس سے بات چیت میں بتایا کہ پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔




جس کے مطابق پیر31 دسمبر 2012 کو شام 5 بجے سے یکم جنوری 2013 منگل کی صبح 5 بجے تک موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی عائد رہے گی جبکہ اس کے علاوہ اس موقع پر اسلحہ کی نمائش اور ساتھ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد ہوگی،ایس ایس پی عمران شوکت نے ایکسپریس کو بتایا کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے والے شخص کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا، انھوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں ہوائی فائرنگ کے حوالے سے فوری طور مددگار 15 پر اطلاع دیں ان کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ سال نو کے موقع پر سی ویو جانے والے راستے پیر کی صبح سے بند کر دیے جائیں گے اور ہر قسم کی ٹریفک بند رہے گی تاہم وہاں کے رہائشی افراد پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا،انھوں نے مزید بتایا کہ سی ویو سے ملحقہ علاقوں کو نو پارکنگ زون قرار دیا گیا ہے اور وہاں پر کسی بھی گاڑی یا موٹر سائیکل کو پارک کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ، ایسے افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو موٹر سائیکل ون ویلنگ کرتے ہوئے یا سائلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلاتے ہوئے پائے جائیں گے۔



پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائیں ، عمران شوکت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سال نو کے موقع پر پولیس کی جانب سے اپنائے جانے والے سیکیورٹی اقدامات میں پولیس سے تعاون کریں تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔
Load Next Story