فیکا کی غیرملکی پلیئرزکولاہورمیں پی ایس ایل فائنل نہ کھیلنے کی تجویز

پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اورماضی میں غیرملکیوں کو براہ راست نشانہ بنایا جاتارہا ہے، رپورٹ


Sports Desk January 10, 2017
پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اورماضی میں غیرملکیوں کو براہ راست نشانہ بنایا جاتارہا ہے، رپورٹ: فوٹو: فائل

فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر غیر ملکی کھلاڑیوں کو لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل نہ کھیلنے کی تجویز دی ہے۔

رپورٹ میں پلیئرزکو تنبیہہ کی گئی ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی مسائل تاحال موجود ہیں جبکہ سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود کھلاڑیوں کی حفاظت کی کوئی گارنٹی نہیں دی جا سکتی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور ماضی میں غیرملکی شہریوں کو براہ راست نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، پلیئرز اپنی انشورنس پالیسی پر بھی غور کریں، پاکستان جانے کی وجہ سے کہیں ان کی پالیسی ہی ختم نہ کر دی جائے۔

اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کے کسی کھلاڑی کو کسی ملک میں کھیلنے سے روکنے کا اختیار نہیں تاہم اس کی جاری کردہ رپورٹ کھلاڑیوں، انکے ایجنٹوں اور پلیئرز ایسوسی ایشنز کو بھیجی جاتی ہے۔ رپورٹ کے بعد ممکن ہے کہ مختلف ممالک کے کرکٹ بورڈ اور پلیئرز کی ڈومیسٹک ٹیمیں انہیں پاکستان میں کھیلنے کیلئے این او سی جاری نہ کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز 9 فروری سے یو اے ای میں ہو رہا ہے جبکہ فائنل 7 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی چند روز قبل کہہ چکے ہیں کہ فائنل لاہور میں کروایا جائے گا اور اس حوالے سے بورڈ کو حکومت کی حمایت حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں