پاکستان میں صرف ترقی اور خوشحالی کی سیاست کی جگہ ہے شہبازشریف

وزیراعلیٰ پنجاب کی صدرمملکت سے ملاقات، فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال


ویب ڈیسک January 10, 2017
وزیراعلیٰ پنجاب کی صدرمملکت سے ملاقات، فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال ۔ فوٹو فائل

KARACHI: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی جس میں فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور صدر مملکت ممنون حسین کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ساڑھے 3 برس کے دوران عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لیے اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہر شعبہ میں میرٹ کو فروغ دیا جب کہ شفافیت اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور پاکستان میں صرف ترقی اور خوشحالی کی سیاست کی جگہ ہے، یہ وقت اتحاد اور اتفاق کا ہے، انتشار یا احتجاج کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین نے پاکستان کے ساتھ اپنی مخلصانہ دوستی کا بھرپور حق ادا کیا اور پورے پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، چین نے پاکستان کا ایک بار پھر ہاتھ تھام کر عظیم دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام سے ہے، بعض رکاوٹوں کے باوجود حکومت نے معیشت کو صحیح سمت پر ڈال دیا اور معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 عوامی وعدوں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنانے کے لیے قابل قدر اقدامات کئے ہیں، وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید ہے۔

قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین لاہور پہنچے تو وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا ، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں