شازہ زیب کیلیے فاتحہ خوانیاساتذہ ودوستوںنے شمعیں روشن کیں

نوجوانوں کا شاہ زیب کے قتل میں ملوث ملزمان کوفوری گرفتار کرنے کا مطالبہ.

گرین وچ یونیورسٹی میں طلبا اور اساتذہ طالبعلم شاہ زیب کی یاد میں شمعیں روشن کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD:
ڈیفنس میں5روز قبل فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے ڈی ایس پی کے جواں سال بیٹے شازہ زیب کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ شاہ زیب کے اساتذہ اور دوستوں نے مقتول کی تصویر کے سامنے شمعیں روشن کیں اور شاہ زیب کے قتل میں ملوث ملزمان کوفوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 5میںمبارک مسجد کے قریب معمولی تنازع پر فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے ڈی ایس پی اورنگزیب کے جواں سال بیٹے شاہ زیب کے ایصال ثواب کے لیے گرین وچ یونیورسٹی انتظامیہ کے تحت فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اور یونیورسٹی میں تدریسی عمل بھی روک دیا گیا ، تمام اساتذہ اور طلبا نے مرحوم شازہ زیب کے ایصال ثواب اور بلند درجات کے لیے دعائیں کیں،اس موقع پر شاہ زیب کے دوستوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام دوست اساتذہ اور یونیورسٹی کی در و دیوار سوگ میں ڈوبے ہوئے ہیں،کوئی بھی اسے نہیں بھول پا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شاہ زیب نے کبھی بھی کسی کا برا نہیں چاہا لیکن شاہ زیب کے ساتھ بہت برا ہوا ہے ،انھوں نے بتایا کہ شاہ زیب اپنی پرو فیشنل لائف شروع کرنے کی منصوبہ بندی کررہا تھا اور بہن کی شادی کے فوری بعد بیرون ملک جانا چاہتا تھا اور اس سلسلے میں شاہ زیب نے آئی بی اے صدر کیمپس سے ایڈوانس انگلش کا کورس بھی کیا تھا۔




شاہ زیب کے دوستوں نے سوشل میڈ یا پیج بھی بنایا ہے جسے شازہ زیب کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اورجس کو اب تک ہزاروں افراد پسند کر چکے ہیں،انھوں نے بتایا کہ شاہ زیب کے قتل کے خلاف آج 4بجے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ وہ صرف انصاف چاہتے ہیں تاکہ آئندہ کسی بے گناہ کو ایسی درندگی اور سفاکی کا نشانہ نہ بنایا جا سکے ،بعدازاں نجی یونیورسٹی میں دوستوں کی جانب سے شاہ زیب کی تصویر کے سامنے شمعیں روشن کی گئیں اور ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اس موقع پر شاہ زیب کے دوست اپنے آپ پر قابو نہ پا سکے اور وہ ایک دوسرے سے گلے مل کر شاہ زیب کی یاد میں روتے رہے جس کے باعث وہاں پر موجود دیگر افراد کی بھی آنکھیںبھی نم ہوگئیں۔
Load Next Story