پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلیے تاریخی قربانی دیقائم علی شاہ

ہرکارکن بانی قائدشہیدبھٹوکے فلسفے اورشہیدمحترمہ بے نظیربھٹوکے وژن پرعمل پیراہے

وزیراعلیٰ سندھ کی گڑھی خدابخش میں تاریخی جلسہ عام پرپارٹی رہنمائوں وکارکنوں کومبارکباد۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ نے قائد جمہوریت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 5ویں برسی کی تقریبات بالخصوص جلسہ عام میں لاکھوں کی تعداد میں شرکت پر پارٹی اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں، رہنمائوں اور خاص طور پر کارکنوں کا تہہ دل سے شکر یہ ادا کیا ہے۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک منظم، متحد، سرگرم، متحرک اور فعال پارٹی ہے جس کا ہر کارکن اور ہر جیالا اپنے بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے اور نظریے پر کاربند اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن اور پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، اس موقع پر ہمارے نئے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے تاریخی جلسہ عام سے تاریخی خطاب کیا، ان کے اندازخطابت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی تصویروں کا عکس نمایاں جھلک رہا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ہر دور میں ناعاقبت اندیش عناصر اور سازشی ٹولے پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کیلیے کوشاں رہے ہیں لیکن انھیں ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔




انھوں نے کہا کہ ہماری پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے اور یہ واحد پارٹی ہے جس کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کے قائدین نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آمریت کے خاتمے اور جمہوریت کی بحالی و قیام کیلیے جو قربانی دی، وہ جدوجہد کی تاریخ میں سنہرے الفاظ سے لکھی جائیگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی 5ویں برسی پرفقید المثال اور عظیم الشان جلسہ عام میں لاکھوں افراد کی شرکت اس عزم کی نشاندہی کرتا ہے کہ پارٹی کے کارکن اور جیالے آج بھی ماضی کے جذبے اور ولولے سے سرشار ہیں اور اپنی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انقلابی فکر اور ترقی یافتہ پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچائینگے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جب تک ایک بھی فرد ضرورت مند ہوگا، تب تک پارٹی کے فعال نظریاتی پروگرام روٹی، کپڑا اور مکان پر عمل جاری رہے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story