غیرانسانی نظام کو بدلنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا شہباز شریف

دکھی انسانیت کی تکالیف کا مداوا ہماری ذمہ داری ہے، وزیراعلی پنجاب


ویب ڈیسک January 12, 2017
شہباز شریف کی جانب سے اسپتالوں کی ایمبولینسزکو ریسکیو1122 کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔: فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہم سب نے مل کرہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنانا ہے اور میں غیر انسانی نظام بدلنے کیلئے جنگ کر رہا ہوں اوراس نظام کو بدلنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہورمیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کی معیاری سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہے، پنجاب حکومت عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی، صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے جتنے وسائل دیئے ہیں اس کے نتائج بھی سامنے آنے چاہئیں، موجودہ روایتی نظام میں مریضوں کو اسپتالوں میں علاج معالجے کی وہ سہولتیں میسرنہیں جو ان کا حق ہیں اوراس نظام میں اصلاحات لا کراسے بہترین ، فعال اور متحرک نظام میں بدلنا ہوگا۔

وزیراعلی نے کہا کہ وزیر صحت صوبے کے اسپتالوں اورصحت کی دیگرسہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے خود دورے کریں، دکھی انسانیت کی تکالیف کا مداوا ہماری ذمہ داری ہے، اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیلئے فوری فیصلے کرنا ہوں گے ، محکمہ صحت اورریسکیو 1122 اس ضمن میں جامع پلان بنا کر7 روزمیں پیش کریں جب کہ شہباز شریف کی جانب سے اسپتالوں کی ایمبولینسزکو ریسکیو1122 کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اسپتالوں کوحقیقی معنوں میں شفا خانے بنانے کے لئے ایسے قابل عمل اقدامات کئے جائیں گے جس سے ہیلتھ کیئرسسٹم میں بہتری آئے گی، ہیلتھ کیئرسسٹم کی بہتری کیلئے جوابدہی کا موثرنظام بھی انتہائی ضروری ہے، ہم سب کو مل کرہیلتھ کیئرسسٹم کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں غیرانسانی نظام بدلنے کیلئے جنگ کررہا ہوں اوراس نظام کو بدلنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا اور ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی مہارت سے بھی استفادہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں