اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ کاشان احمد ولد مہتاب احمد ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی ، مقتول اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ امام کالونی کا رہائشی اور 4 بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھاجبکہ نجی آئل کمپنی میں ملازمت کرتا تھااور ایم بی اے کا طالب علم تھا ، مقتول آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کا کارکن تھا ، مقتول کی جمع کو شادی ہوئی تھی۔
لانڈھی کے علاقے بابر مارکیٹ میں پھولوں کی دکان پر مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے28 سید اکبر ولد سید چاند ہلاک ہو گیا۔ سنی تحریک پاکستان کے ترجمان فہیم شیخ نے بتایا کہ مقتول سنی تحریک لانڈھی سیکٹر کمیٹی کاممبر تھا ، واقع کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ سید اکبر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کے نام کا پتہ چل گیا ہے ان کے خلاف نامزد ایف آئی آر درج کرائے جائیں گے۔ شاہ لطیف تھانے کی حدود قائد آباد مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب مسلح ملزم کی فائرنگ سے 30 سالہ سید اطہر حسین ولد سید صادق حسین زخمی ہو گیا.
زخمی ہونے والے ک بھائی سید مطاہر حسین کی جوابی فائرنگ سے مبینہ حملہ آور عرفان محسود عرف کابلی مارا گیا ہلاک ہونے والے کی لاش جناح اسپتال جبکہ زخمی ہونے والے کو ملیر کالا بورڈ کے قریب ڈاکٹر روبینہ سراج اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا، پولیس کے مطابق مقتول قائد آباد مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب گلستان کالونی کا رہائشی اور سابق ڈی ایس پی سید صادق حسین شاہ کا بیٹا تھا۔منگھو پیر کے علاقے جاوداں سیمنٹ فیکٹری کے قریب کران پاڑہ حاجی محمود گوٹھ واجہ دھنی بخش مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ فیصل ولد غلام رسول ہلاک ہو گیا ۔ نبی بخش تھانے کی حدود گارڈن ڈولی کھاتہ آفیسر کالونی میں گراؤنڈ سے26 سالہ نامعلوم نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش ملی۔
شیر شاہ کے علاقے گلبائی لنڈا بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پرانے کپڑوں کا تاجر55سالہ حاجی نور محمد ولد محمد نورانی ہلاک ہو گیا،مقتول کا آبائی تعلق باجوڑ سے تھا اور باجوڑ قومی اتحاد کا صدر بھی تھا۔کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے اﷲ والا ٹاؤن میں واقع الواسع ٹاؤن رحمت مسجد کے عقب میں بشیر تھلے والے کے سامنے کھڑی آلٹو کار نمبر AXE-440 پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے ، دستی بم ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کار تباہ ہو گئی واقع کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کیا ، پولیس کے مطابق دھماکے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔