مری میں 3فٹ برفباری سے پانی جم گیا بجلی اور سڑکیں بند سیاح پھنس گئے

ملکہ کوہسارکادرجہ حرارت منفی 4، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی سمیت ملک بھر میں شدیدسردی،بالائی علاقوںمیںزندگی مفلوج


Numaindgan Express December 30, 2012
کوئٹہ میںدم گھٹنے سے میاںبیوی اوربیٹاچل بسے،دھندکے باعث لاہورایئرپورٹ، موٹروے بند، سردی مزید 3دن رہے گی، محکمہ موسمیات۔ فوٹو رائٹرز/فائل

مری میں پڑنیوالی برف وبال جان بن گئی،سیاح پھنس گئے۔

39 گھنٹوں سے بجلی بند،پانی جم گیا،سڑک پر پھسلن اورگاڑیاں پھنسنے کے باعث اسلام آباد،مری روڈ بندکردی گئی جبکہ بانسہرہ گلی کے قریب برف صاف کرنے والے بلڈوزر کابلیڈ گاڑی پر گرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ کراچی میں بھی سردی کی لہر جاری ہے۔ مری سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق رابطہ سڑکوں پر 3فٹ برف جمی ہے جسے ہٹایا نہیں جاسکاجس کے باعث شدید پھسلن سے ٹریفک بری طرح جام ہے اور سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔

جمعرات کی رات12بجے کے بعد سے مری شہر کی بجلی منقطع ہے۔مری میں پھنسے اپنے ایک دوست کو وہاں سے نکالنے کیلئے جانے والا پنڈی کا 26سالہ نوجوان علی رضا بانسرہ گلی کے قریب برف ہٹانے والی گاڑی کا بلیڈ گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مری میں گاڑیاں پھنس جانے کی وجہ سے مری جانیوالی اسلام آباد ایکسپریس روڈ بندکرناپڑی تاہم مری سے اسلام آباد واپس آنیوالی سڑک ٹریفک کیلئے کھلی ہے۔ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح برفباری کے مزے لوٹنے پہنچ گئے ہیں۔سوات کے تفریحی مقامات میاندم،کالام اور مالم جبہ میں وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے۔

22

بعض علاقوں میں ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے،مری میں درجہ حرارت منفی 4ریکارڈ کیا گیاجس کے باعث جڑواںشہر بھی شدیدسردی کی لپیٹ میں رہے۔کاغان ،ناران اور شوگران کے تفریحی مقامات کے حسن کو برفباری کے بعد چار چاند لگ گئے ہیں۔مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے کئی علاقوں میں بارش نے ہرچیز کو نکھاردیا ہے۔بالائی علاقوں میں برفباری نے کشمیر کے حسن کوچار چاند لگادیئے ہیں۔قبائلی علاقوں اورکزئی ایجنسی،کرم ایجنسی میں بھی برف ہی برف ہے۔شمالی بلوچستان میں بھی برفباری کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔ ادھر گلگت بلتستان میں3دن سے جاری برفباری نے تمام رابطہ سڑکوں کو بند کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورسرد رہیگاتاہم بلائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اوربرفباری کاامکان ہے اورسردی کی لہر آئندہ دوسے تین روز جاری رہے گی ۔

اے پی پی کے مطابق کوئٹہ کی موسیٰ کالونی میںمیںدم گھٹنے کے باعث میاںبیوی 4سالہ بیٹے سمیت جاںبحق ہوگئے ۔پبی سے نمائندے کے مطابق زائو بانڈہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتو ن بیٹے سمیت شدید زخمی ہو گئی۔ زیریں سندھ میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا، حیدرآباد میں ہفتہ کے روز کم سے کم درجہ حرارت4.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو رواں موسم سرما کا سرد ترین دن تھا، خصوصاً صبح کے وقت انتہائی سرد موسم رہا، جس سے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے جب کہ سوئی گیس پریشر میں کمی کے باعث خواتین خانہ کو بھی مشکلات پیش آئیں۔سردی کے باعث سڑکوں اور بازاروں میں سر شام سناٹا چھا گیا۔ چھور میں درجہ حرارت ایک اعشاریہ دو ڈگری سینٹی گریڈ، مٹھی میں صفر اعشاریہ پانچ، ٹھٹھہ میں سات اعشاریہ پانچ، بدین میں نو ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ میرپورخاص میں بارہ اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں