حویلیاں حادثے کے شکار طیارے نے لینڈنگ کی کوشش ہی نہیں کی سیکرٹری سی اے اے

حادثے سے ایک ہفتے قبل وزیراعظم اسی طیارے میں گوادر گئے تھے، سیکرٹری سول ایوی ایشن کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ


ویب ڈیسک January 12, 2017
بلیک باکس کے مطابق جہاز نے لینڈنگ کی کوئی کوشش ہی نہیں کی تھی، سیکرٹری سول ایوی ایشن کی بریفنگ۔ فوٹو:فائل

سیکرٹری سول ایوی ایشن نے انکشاف کیا ہے کہ حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا انجن ٹھیک تھا لیکن اس نے لینڈنگ کی کوشش نہیں کی جب کہ حادثے سے ایک ہفتے قبل وزیراعظم بھی اسی طیارے سے گوادر گئے تھے۔

سیکرٹری سول ایوی ایشن عرفان الہی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے حادثے سے متعلق بتایا کہ حویلیاں حادثے کے شکار طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے جس کے مطابق چترال سے ٹیک آف کرتے وقت طیارے کے دونوں انجن 100 فیصد ٹھیک تھے تاہم 4 بجکر 12 منٹ پر پائلٹ نے پہلی کال کی جس کے بعد 4 بجکر 17 منٹ پر پائلٹ نے آخری کال کی۔ سیکرٹری سول ایوی ایشن کے مطابق پہلی کال میں پائلٹ کی آواز بالکل پرسکون تھی لیکن 4 بجکر 17 منٹ پر طیارہ جنوب کی بجائے مشرق کی طرف مڑگیا۔

سیکرٹری سول ایوی ایشن نے بتایا کہ بلیک باکس کے مطابق جہاز نے لینڈنگ کی کوئی کوشش ہی نہیں کی تھی تاہم تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ایک انجن ٹھیک ہونے کے باوجود جہاز حادثے کا شکار کیسے ہوا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حویلیاں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں وزیراعظم نوازشریف حادثے سے ایک ہفتے قبل اسلام آباد سے گوادر گئے تھے۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر کو چترال سے اسلام آباد جانے والا طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں معروف مبلغ جنید جمشید اور ان کی اہلیہ سمیت 48 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں