پہلا ون ڈےپاکستان نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

پہلے میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان کو بھارت کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔


ویب ڈیسک December 30, 2012
پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4، عرفان اور محمد حفیظ نے 1،1 وکٹ لیں۔ فوٹو فائل

پاکستان نے بھارت کو پہلے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

بھارتی شہر چنئی کے چِدم برم اسٹیڈیم میں 2 دن بارش کی وجہ سے ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہونے والے میچ میں مصباح الحق نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے مقررہ اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر227 رنز بنائے۔ بھارتی اننگز کی اہم بات کپتان مہندر سنگھ دھونی کی شاندار سنچری تھی انہوں نے 125 گیندوں پر 113 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ سریش رائنا 43 اور ایشون 31 رنز کے ساتھ نماں رہے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4 جبکہ محمد عرفان اور محمد حفیظ نے 1،1 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا، محمد حفیظ پہلے اوور میں ہی بھونیشور کمار کی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے، اظہر علی بھی کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرپائے اور 21 رنز کے مجموعی اسکور پر بھونیشور کمار ہی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، اس موقع پر یونس خان اور ناصر جمشید نے 112 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی، یونس خان 58 رنز بنا کر اشوک ڈیندا کا شکار بنے۔ یونس خان کے بعد کپتان مصباح الحق ناصر جمشید کا ساتھ نبھانے کریز پر آئے دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 172 تک پہنچایا۔ اس دوران مصباح الحق نے اپنے ون ڈے کیرئیر کے 3ہزار رنز بھی مکمل کئے وہ 16 رنز بناکر ایشانت شرما کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ مصباح الحق کے بعد شعیب ملک نے ناصر جمشید کے ساتھ مل کر پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا اور پاکستان نے مطلوبہ ہدف48.1 اوورز میں حاصل کرلیا، ناصر جمشید 101اور شعیب ملک 34 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان کو بھارت کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں