پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8:20 پر شروع ہوگا۔


ویب ڈیسک January 13, 2017
آسٹریلیا سے سیریزکا پہلا ون ڈے آج برسبین میں کھیلا جائے گا۔ فوٹو؛ فائل

FAISALABAD: آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعے کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔

مہمان ٹیم کو شکستوں کی کھائی سے نکلنے کا چیلنج درپیش ہے، ورلڈکپ تک براہ راست رسائی کی امیدیں زندہ رکھنے کیلیے بھی لازمی فتح درکارہوگی، وطن واپس آنے والے سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان وکٹ کیپنگ گلوز سنبھالیں گے، پیس اٹیک ممکنہ طور پر محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی پر مشتمل ہوگا، اسپن کے شعبے میں عماد وسیم کا ساتھ محمد حفیظ دیں گے، شعیب ملک بھی موجود ہوں گے، عمر اکمل2سال بعد پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے کیلیے تیار ہیں۔مہمان ٹیم نے گزشتہ روز برسبین میں بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتیں نکھاریں۔

آسٹریلوی پلیئنگ الیون سے عثمان خواجہ ڈراپ ہو گئے، اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ٹریوس ہیڈ کی رفاقت میسر ہو گی، مڈل آرڈر بیٹسمین کرس لین اور طویل قامت پیسر بلی اسٹین لیک ڈیبیو کریں گے، پچ بڑے اسکور کیلیے سازگار ہے۔

پاکستان کینگروز کے دیس میں مسلسل چوتھی ٹیسٹ سیریز ہارچکا ہے، کلین سوئپ کے ساتھ لگاتار 12میچز میں ناکامیوں کی داستان بھی رقم ہوئی، اب نئے معرکوں کیلیے فارمیٹ تبدیل ہوچکا، ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جمعے کو برسبین میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس محدود اوورز کے میچز میں شکستوں کا رخ موڑنے کی کوششش کریںگے،ایک روزہ کرکٹ کی عالمی نمبر ون آسٹریلوی ٹیم سے نبرد آزما ہونے سے قبل پاکستان کو سب سے بڑا دھچکا نائب کپتان سرفراز احمد کی عدم دستیابی سے لگا ہے، وکٹ کیپر بیٹسمین والدہ کی علالت کے سبب وطن واپس لوٹ چکے، قبل ازیں محمد عرفان کی والدہ انتقال کر گئیں تھیں، طویل قامت پیسر بھی پاکستان میں موجود اور ان کا خلا پُر کرنے کیلیے جنید خان اسکواڈ کو جوائن کرچکے ہیں، مہمان ٹیم اس وقت دہرے دباؤ کا شکار ہے،ایک طرف تو ٹیسٹ سیریز کے بعد شکستوں کا اثر ختم کرنا ہوگا۔

دوسری جانب ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی کیلیے چند فتوحات لازمی درکار ہیں، کلین سوئپ ہونے کی صورت میں سابق عالمی چیمپئن اپنی تاریخ میں پہلی بار کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے پر مجبور ہوسکتے ہیں،سیریز میں ایک فتح ملنے پر بھی موجودہ آٹھویں پوزیشن برقرار رہے گی، 2 یا 3 کامیابیوں کی صورت میں پاکستان کی ورلڈکپ تک براہ راست رسائی کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ رواں سال 30ستمبر تک میزبان انگلینڈ سمیت آئی سی سی رینکنگ کی ٹاپ8 ٹیمیں ورلڈکپ 2019 میں براہ راست کھیلنے کا حق حاصل کرلیں گی،آخری 2 کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا، اگلے9 ماہ میں ہر فتح ٹیم کیلیے اہمیت کی حامل ہو گی۔

برسبین میں میچ کیلیے پاکستانی پیس بولنگ لائن اپ ممکنہ طور پر محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی پر مشتمل ہوگی، بیٹنگ کیلیے سازگار پچ اور متوقع گرم موسم کے پیش نظر آل راؤنڈر عماد وسیم کی شمولیت یقینی ہے،انھوں نے کرکٹ آسٹریلیا کیخلاف وارم میچ میں عمدہ اسپن بولنگ کی تھی، بولنگ ایکشن کلیئر پانے کے بعد محمد حفیظ بھی ان کا ساتھ نبھانے کیلیے موجود ہوں گے،آل راؤنڈر ماضی میں لیفٹ ہینڈرز کیخلاف اسپن کا جادو جگانے میں کامیاب ہوتے رہے ہیں،ان کیلیے محمد نواز کو جگہ خالی کرنا پڑے گی، شعیب ملک بھی بولنگ میں کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، محمد حفیظ کی واپسی کے بعد بیٹنگ آرڈر میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے، سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان وکٹ کیپنگ گلوز سنبھالیں گے، تقریباً 2سال قبل آخری ون ڈے کھیلنے والے عمر اکمل کی بھی پلیئنگ الیون میں شمولیت کا امکان ہے، انھوں نے ٹور میچ میں جارحانہ ففٹی جڑ کر اپنا کیس مضبوط کیا۔

دریں اثنا پاکستانی ٹیم نے جمعرات کو برسبین میں بھرپور پریکٹس کی، جسمانی ورزشوں کے بعد بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سیشنز ہوئے، کیچز پکڑنے میں خامیوں پر قابو پانے کیلے بھی خصوصی مشقیں کرائی گئی، محمد رضوان گلوز پہنے وکٹوں کے پیچھے مستعد نظر آئے، اسٹیورکسن نے سرفراز احمد کے متبادل وکٹ کیپر کے ساتھ الگ سیشن بھی کیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا،ایرون فنچ اور جارج بیلی کو ون ڈے اسکواڈ سے باہر کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے عمدہ فارم کے باوجود عثمان خواجہ کو بھی جگہ نہیں دی،ایڈم زمپا کو بھی میچ پویلین میں ہی بیٹھ کر دیکھنا ہو گا، جوش ہیزل ووڈ کو آرام دینے کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا گیا تھا، گلین میکسویل کی گزشتہ سال جون کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی،مڈل آرڈر بیٹسمین کرس لین اور طویل قامت نوجوان بولر بلی اسٹین لیک ڈیبیو کریں گے، مچل اسٹارک،پیٹ کمنز پہلے ہی پیس بیٹری میں شامل ہیں، ایرون فنچ کے ڈراپ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ٹریوس ہیڈ کی رفاقت میسر ہو گی،ٹیم میں اسٹیون اسمتھ(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، کرس لین، مچل مارش، گلین میکسویل، میتھیو ویڈ، جیمز فالکنر، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور بلی اسٹین لیک شامل ہیں۔

گابا کرکٹ گراؤنڈ کی پچ اور کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے بڑا اسکور بننے کا امکان ہے، یہاںگزشتہ دونوں میچزمیں ٹیمیں 300 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں،حالات سازگار ہوں تو سوئنگ بولرز کو بھی مدد مل سکتی ہے، میچ کے دوران مطلع صاف اور موسم گرم رہنے کی پیش گوئی ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |