’پراٹھے والا‘ حنان کل قذافی اسٹیڈیم میں اُڑان بھرے گا

19 سالہ کرکٹر ملائیشین ٹیم کے خلاف ٹی 20 میں صلاحیتوں کا اظہار کریں گے


Sports Reporter January 13, 2017
فون پر منتخب ہونے کی اطلاع دی گئی تو مذاق سمجھتا رہا، لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

پراٹھے والا حنان خان ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اڑان بھرے گا،این سی اے الیون میں شامل 19سالہ کرکٹر کو ملائیشین ٹیم کیخلاف ٹوئنٹی20میچ میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق چند ہفتے قبل سوشل میڈیا کی بدولت چائے والے ارشد خان کو بے پناہ شہرت ملی،جاذب نظر شخصیت توجہ کا مرکز بنی تو انھیں ماڈلنگ اور فلم میں کام کرنے کا موقع فراہم کردیا گیا، اب کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں پراٹھے بنانے والا حنان خان کرکٹ میں لمبی اڑان بھرنے کیلیے تیار ہیں،لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین کو این سی اے الیون میں شامل کیا گیا ہے، 19سالہ کرکٹر ہفتے کو ملائیشین ٹیم کیخلاف قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ٹوئنٹی 20 میچ میں صلاحیتوں کا اظہار کرینگے، اگلے روز دوسرا مقابلہ بھی ہوگا۔

حنان نے کہاکہ سلیکشن سے آگاہ کرنے کیلیے سلیکٹرز کا فون آیا تو مذاق سمجھتا رہا، تصدیق کیلیے جوابی کال پر یقین آگیا۔ یاد رہے کہ بلوچستان کے علاقے چمن سے تعلق رکھنے والے حنان خان کو پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران منتخب کیا تھا، وہ کوئٹہ میں گریڈ 2 کے دو میچز کھیل چکے ہیں، انھوں نے کہاکہ میرا تعلق ایک ایسے علاقے سے ہے جہاں زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی جاتی، مگر پھر بھی سلیکٹر وہاں آ کر ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں،موقع ملنے پر خوش اور پُر امید ہوں کہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ایک دن قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں