کراچی میں موسم کی پہلی بارش

انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی پول بارش کے ابتدائی لمحوں میں ہی کھل گئی۔۔۔


Editorial January 14, 2017
انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی پول بارش کے ابتدائی لمحوں میں ہی کھل گئی ۔ فوٹو؛ ایکسپریس

شہر قائد میں طویل انتظار کے بعد جمعہ کو موسم کی پہلی بارش بالآخر برس ہی پڑی اور اس طرح برسی کہ پورا شہر جل تھل ہوگیا۔ بذلہ سنج حضرات محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی پوری ہونے پر خوشگوار حیرت میں مبتلا رہے۔ بلاشبہ بارش اور سرد ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے لیکن انتہائی سرد موسم کے باوجود شہریوں کے مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب ہوئے اور کراچی کے شہریوں نے موسم کی پہلی بارش کو خوب انجوائے کیا۔ لیکن کیا ہی اچھا ہوتا کہ شہری انتظامیہ کی جانب سے بارش کے پیش نظر پیشگی انتظامات بھی مکمل کرلیے جاتے۔

انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی پول بارش کے ابتدائی لمحوں میں ہی کھل گئی، جہاں پہلی بوند گرتے ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جب کہ تھوڑی برسات کے بعد ہی شہر کی متعدد شاہراہیں پانی میں ڈوب کر تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، دوسری جانب موسم کو انجوائے کرنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر کا رخ کیا تاہم ٹریفک حکام کی لاتعلقی اور ناقص حکمت عملی کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کے نشیبی علاقوں میں پانی کا جمع ہونا معمول ہے لیکن شہر میں بیشتر مقامات پر تعمیرات کے سلسلے میں توڑ پھوڑ کا عمل جاری ہے، سڑکوں کی ابتر حالت کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے حادثات بھی رونما ہوئے۔ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ناظم آباد میں 2 افراد جب کہ کورنگی میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، جب کہ زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔

کراچی میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال تو عالمی میڈیا میں بھی اپنی جگہ بناچکی ہے لیکن ارباب اقتدار کا دھیان اس شہر کی بہتری کی جانب اب بھی نہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نالہ کناں ہیں کہ شہر کے نالوں کی صفائی کے لیے ان کے پاس فنڈز ہی نہیں۔ بلدیاتی نظام تو جیسے تیسے قائم کردیا گیا لیکن وہ امور جو بلدیاتی حکومت کو سرانجام دینے تھے اب صوبائی حکومت کے پاس ہیں جسے اپنے ہی اللے تللوں سے فرصت نہیں کہ شہر قائد کی بہتری کی جانب توجہ دے سکے۔

گزشتہ دس سال میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث شہر کے موسم پر خاصا فرق پڑا ہے، کراچی کے شہری سال کا زیادہ تر حصہ گرمی میں گزارتے ہیں جب کہ سردی بھی اتنی زیادہ نہیں ہوتی، اس لیے موجودہ سرد موسم ان شہریوں کے لیے خوشگوار ثابت ہوا لیکن شہری و صوبائی انتظامیہ کی ناقص کاکردگی نے شہریوں سے خوشی کا یہ حق بھی چھین لیا۔ صائب ہوگا کہ صوبائی و شہری حکومت عوامی مسائل کی جانب توجہ مرکوز کریں تاکہ بارش شہریوں کے لیے ﷲ کی رحمت ثابت ہو۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں