بدترین شکست پر سری لنکن کپتان غم سے نڈھال

کیریئر کا بدترین لمحہ قرار دے دیا، ناکافی تیاریوں کا عذر پیش نہیں کرسکتے، انجیلو میتھیوز


Sports Desk January 15, 2017
ہمیں بیرون ممالک جیتنے کیلیے اپنے گراؤنڈ پر مزید گراسی وکٹیں بنانا ہوں گی، میتھیوز۔ فوٹو: فائل

بدترین شکست پر سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز غم سے نڈھال ہوگئے، انھوں نے کہا کہ جوہانسبرگ میںملنے والی اننگز اور 118رنز سے ہار میرے کیریئر کا بدترین لمحہ ہے، آئی لینڈرز سیریز میں بھی 0-3 سے کلین سوئپ ہوگئے، سری لنکن ٹیم میچ کے تیسرے ہی دن دو بار آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن قائد میتھیوز نے کہا کہ اگرچہ میں اس سے قبل بھی کئی بار ناکامیوں میں سری لنکن ٹیم کا حصہ رہا ہوں لیکن بطور کپتان میں اس ہار کو اپنے لیے بدترین خیال کرتا ہوں، میتھیوز نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم نوجوان اور غیرتجربہ کار پلیئرز پر مشتمل تھی، ہماری ٹیم کے صرف 3 پلیئرز اس سے قبل جنوبی افریقہ میں کھیلے تھے لیکن ہمیں اپنے نوجوان پلیئرز کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا تھا، ایسی کنڈیشنز میں اور اس معیار کے چار سیمرز کیخلاف کھیلنا واقعی آسان نہیں ہوتا۔

میتھیوز نے کہا کہ ہم ناقص تیاریوں کو اپنی شکست کا الزام نہیں دے سکتے ، ہم نے ان وکٹوں پر کھیلنے کیلیے اپنے طور پر بہترین تیاری کی تھی، سری لنکا میں ہم نے پچ پر خاصی گھاس چھوڑی تھی لیکن بدقسمتی سے ہم یہاں صورتحال سنبھال نہیں سکے، اس کے علاوہ ہم نے باؤنسی وکٹوں پر کھیلنے کیلیے بھی خصوصی مشقیں کی تھیں، انھوں نے پروٹیز پر موزوں وکٹیں بنانے کا الزام دھرنے سے گریز کیا۔

سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ تمام ٹیمیں ہوم جیت کیلیے ایڈوانٹج استعمال کرتی ہیں، برصغیر ایشیا سے آنے والی ٹیمیں یہاں پر اکثر جدوجہد کرتی ہیں، ہم نے اپنے گراؤنڈز میں آسٹریلیا کو 3-0 سے مات دی لیکن ہمیں بیرون ممالک جیتنے کیلیے اپنے گراؤنڈ پر مزید گراسی وکٹیں بنانا ہوں گی۔

دوسری جانب فاتح جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ ہمارا طویل المدتی مقصد ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ نمبرون بنانا ہے،ڈوپلیسی نے مزید کہا کہ ہم گذشتہ چھ ماہ سے اپنے بنیادی مقصد کی جانب پیشرفت کررہے ہیں، ہم سیریز ٹو سیریز حکمت عملی بنارہے ہیں، ہم ہر سیریز کیلیے اپنے اہداف طے کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں