پسند کی ملبوسات کی خریداری کے لیے نئی ایپلی کیشن ’ڈریسنگ روم‘ متعارف

’ڈریسنگ روم‘ ملبوسات کے انتخاب میں مددگار ثابت ہوگی۔


ویب ڈیسک January 15, 2017
خریدار ڈریسنگ روم استعمال کیے بغیر دیکھ سکیں گے کہ جس پوشاک میں انہیں دل چسپی ہے وہ ان پر کیسی لگتی ہے۔ فوٹو: نیٹ

ROME: ملبوسات کی خریداری کے دوران پسند آنے والا لباس پہن کر خود کو دیکھنا لازمی ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ریڈی میڈ کپڑوں کی دکانوں پر ڈریسنگ روم بنائے جاتے ہیں۔ یہ عمل پُرمشقت بھی ہے اور اس میں وقت بھی لگتا ہے، مگر اب ایک ایسی ایپلی کیشن آنے والی ہے جو ملبوسات کے خریداروں کو اس جھنجٹ سے بچا لے گی۔

ملبوسات سے متعلق ایک امریکی کمپنی بہت جلد ایک ایسی ایپلی کیشن متعارف کرائے گی جس کی مدد سے خریدار ڈریسنگ روم استعمال کیے بغیر دیکھ سکیں گے کہ جس پوشاک میں انہیں دل چسپی ہے وہ ان پر کیسی لگتی ہے۔

DressingRoom کے نام سے بنائی جانے والی یہ ایپلی کیشن ملبوسات کی خریداری میں خریداروں کی بہت مدد کرے گی۔ خریدار کو پہلے مذکورہ کمپنی کا تیار کردہ کوئی لباس منتخب کرنا ہوگا، پھر یہ ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے اس کے سامنے ڈیجیٹل مجسمہ اس کا منتخب کردہ لباس پہنے نمودار ہوگا اور خریدار کو پتا چل جائے گا کہ اس کا منتخب کردہ لباس اس پر کیسا لگتا ہے۔

DressingRoom نامی یہ ایپلی کیشن فیشن برانڈز کے لیے تھری ڈی مصنوعات بنانے والی ایک فرم اور گوگل کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔



یہ ایپلی کیشن بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی خریداروں کو ڈریسنگ روم میں جائے بغیر یہ جاننے میں مدد دے گی کہ کمپنی کی مصنوعات زیب تن کرکے وہ کیسے لگتے ہیں۔ خریدار اس ایپلی کیشن کے ذریعے ڈیجیٹل مجسمے کو چاروں طرف گھما کر مختلف زاویوں سے اپنا منتخب کردہ لباس دیکھ سکیں گے۔

صرف یہی نہیں، یہ ایپلی کیشن خریدار کے سامنے ایسے ملبوسات کی ایک بڑی تعداد بھی لائے گی، جو خریدار کی جسمانی ساخت اور سائز سے مطابقت رکھتے ہوں۔ اس طرح خریدار کو لباس کے انتخاب میں مدد ملے گی۔

اس ایپلی کیشنز کے ذریعے آن لائن شاپنگ کرنے والوں کو ملبوسات کے انتخاب اور خریداری میں بہت آسانی ہوجائے گی۔

فی الحال یہ ایپلی کیشن ایک کمپنی نے متعارف کرائی ہے مگر امکان ہے کہ اس کی دیکھا دیکھی اس نوعیت کی ایپلی کیشنز ملبوسات تیار کرنے والے دیگر برانڈز کی طرف سے بھی سامنے آئیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں