دکانوں کے کنڈے اور تالے کاٹنے والے 7 ملزمان گرفتار اسلحہ اور آلات برآمد

امان اللہ، منصور، شاہ رخ، طاہر، ناظم، خان اور سعد کا طارق روڈ, عید گاہ اور دیگر کی مارکیٹوں میں تالے کاٹنے کا اعتراف

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور تالے اور کنڈے کاٹنے کے آلات برآمد کر لیے گئے، ایس ایس پی فیض کوریجو۔ فوٹو: ایکسپریس

WASHINGTON:
سٹی ڈسٹرکٹ کے7 تھانوں کی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے موبائل فونز، موٹر سائیکل ،تالے و کنڈے کاٹنے کے آلات، منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

گرفتار ملزمان قتل، اغوا برائے تاوان، دکانوں و مکانوں کے تالے کاٹنے اور پولیس مقابلوں میں ملوث ہیں، یہ بات ایس ایس پی سٹی ڈسٹرکٹ فیض اللہ کوریجو نے پریس کانفرنس میں بتائی، ایس ایس پی فیض ﷲ کوریجو نے بتایا کہ ایس ایچ او ڈاکس نے مخبر کی اطلاع پر جاوید عرف امان اللہ عرف امانو بنگالی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول برآمد کر لیا، گرفتار ملزم نے ڈکیتی سمیت سنگین وارداتوں کا اعتراف کیا۔


دوسری جانب ایس ایچ او بغدادی نے ملزم منصور عرف دال عرف کچھی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول برآمد کر کے مقدمہ درج کرلیا، ایس ایچ او کلری نے غلام مصطفی عرف موٹا کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا جبکہ ایس ایچ او نبی بخش نے 3 ملزمان شاہ رخ ، محمد طاہر اور ناظم عرف عجی کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انھوں نے جوبلی، گل پلازہ، بھیم پورہ، طارق روڈ اور عید گاہ کے علاقوں میں اسٹریٹ کرائم، چوری، ڈکیتی اور دکانوں کے تالے کاٹ کر نقب زنی کی وارداتیں کی ہیں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

فیض اللہ کوریجو نے بتایا کہ ایس ایچ او گارڈن نے ملزم غلام عباس کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا گیا موبائل فون برآمد کرلیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ شہر کے مختلف شاپنگ سینٹرز سے خواتین سے ہینڈ بیگ اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ہے کلا کوٹ پولیس نے ملزم شاہ میر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گرفتار ملزم قتل، چوری، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ کھارادر پولیس نے ملزم خان محمد اور سعد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ ، مختلف اقسام کے تالوں کی چابیاں اور تالے و کنڈے کاٹنے کے آلات برآمد کر لیے۔
Load Next Story