ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری بلوچستان میں ہائی الرٹ

برفباری کے باعث چترال اور غذر جبکہ زیارت اور قلات کا آپس میں زمینی راستہ منقطع ہو گیا


ویب ڈیسک January 15, 2017
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی۔ فوٹو: ایکسپریس

ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ دیگر شہروں سے منقطع ہو گیا جبکہ بلوچستان میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارشوں کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چترال اور غذر میں شدید برفباری کے باعث دونوں شہروں کا زمینی راستہ آپس میں منقطع ہو گیا ہے جب کہ سوات اور دیر میں بھی شدید برفباری کا سلسلسہ جاری ہے۔ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ شدید سردی کے لپیٹ میں آگئی ہے جس کے باعث بہتے ندی نالے اور آبشاریں جم کر برف بن گئی ہیں، اس کے علاوہ ملکہ کوہسار مری اور ایبٹ آباد میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

خشک سالی کے خطرے سے دوچار بلوچستان میں گزشتہ روز شرو ع ہونےوالی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوئٹہ سمیت سرخاب، بوستان، قلات، زیارت، مستونگ، لورالائی میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری سے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ زیارت اور قلات کا زمینی رابطہ آپس میں منقطع ہو گیا ہے۔ مستونگ میں بھی لکپاس ٹنل برفباری کے باعث بند ہونے سے کوئٹہ سے کراچی اور تفتان جانے والی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہے۔

کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے صوبے بھر میں ہائی الرٹ کر کے متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں برفباری کے بعد فنی خرابی کےسبب بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ گیس پریشر میں کمی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں