نظام کی تبدیلی کیلئےکارکن تحریک منہاج القرآن کےلانگ مارچ میں شرکت کریںالطاف حسین

پاکستان سے خاندانی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ملک میں تبدیلی لانے کے لیے طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔

طاہرالقادری نے حق کاعلم بلندکیا ہےکارکنان 14 جنوری کو انقلاب کے سفرکے لئے نکلیں، الطاف حسین ۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک کے عوام وڈیروں اور جاگیرداروں سے آزادی چاہتے ہیں، پاکستان کو بچانے اور عدل و انصاف قائم کرنے کیلیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔


کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ملک بچانے کے لیے ہمیشہ بڑی قربانیاں دی ہیں اور ہزاروں کارکنوں کی شہادت کے باوجود ہم نے وطن سے علیحدگی کا نعرہ نہیں لگایا۔ طاہر القادری ملک میں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں یہ ایسا نظام ہے جس میں ملک میں امیروں کے بجائے متوسط طبقے کی حکمرانی ہو گی۔



الطاف حسین نے کہا کہ ملک میں انصاف کا نظام چاہتے ہیں۔ چند جاگیرداروں نے ملک کواپنی جاگیر بنارکھاہے، میں ملک کی تقدیربدلنے اورانقلاب لانے کی کوشش کررہاہوں، ہم پاکستان سے خاندانی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ملک میں تبدیلی لانے کے لیے طاہر القادری کے ساتھ ہیں، طاہر القادری نے حق کاعلم بلندکیا ہے، کارکنان 14 جنوری کوانقلاب کے سفرکے لئے نکلیں ۔ پاکستان بچانے کیلئے کارکنان اور شہری چندہ جمع کریں۔


قبل ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن نے مشترکہ طویل مشاورتی اجلاس کے بعد تحریک منہاج القرآن کی جانب سے 14 جنوری 2013 کو اسلام آباد میں ہونے والے لانگ مارچ میں شرکت کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کے لاکھوں کارکن ملک میں انصاف کے نظام کے قیام کے نیک مقصد میں تحریک منہاج القرآن کے ساتھ مارچ میں شریک ہوں گے ، 14جنوری کو عوام کا سمندر رواں ہوگا اور وہیں سے مثبت تبدیلی کا آغاز ہوگا۔


ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عبوری حکومت کا قیام بھی قومی ایجنڈاہے، ملک کو مزید بحرانوں سے بچانے کیلئے بہتر ہوگا کہ اس میں ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور فہم و فہراست سے کام لینا چاہیے اور عقل و دانش سے آئندہ فیصلے کیے جائیں اور اسے اپنی اناکامسئلہ نہ بنایاجائے۔

Load Next Story