دورہ بھارت کے لیے آسٹریلیا کا اسپنرز پرانحصار

کینگروز 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کیلیے کوہلی الیون کا سامنا کریں گے۔

کینگروز 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کیلیے کوہلی الیون کا سامنا کریں گے ۔ فوٹو فائل

آسٹریلیا نے آئندہ ماہ دورہ بھارت کیلیے اسپنرز پر انحصار کرلیا، کینگروز 4 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کیلیے کوہلی الیون کا سامنا کریں گے۔

آسٹریلیا کو بھارت میں ٹیسٹ سیریز جیتے ہوئے 13 برس بیت چکے ہیں، یہاں پراس سے قبل مہمان ٹیم نے 2004 میں سیریز اپنے نام کی تھی، گذشتہ ٹور میں آسٹریلیا کو وائٹ واش کا سامنا رہا تھا، تاہم آسٹریلیا نے اس بار دورہ بھارت کیلیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں حیران کن طور پر 4 اسپنرز کو دستے کا حصہ بنایا تھا، نوجوان لیگ اسپنر مچل سوئپسن پہلی بار ملک کی نمائندگی کیلیے منتخب ہوئے ہیں، ان کے علاوہ ایشٹون ایگر، اسٹیو اوکیف اور گلین میکسویل بھی اسپن کے شعبے میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، تاہم غیرمتوقع طور پر ریگولر اسپنر ناتھن لیون بھارت جانے کا ٹکٹ حاصل نہیں کرپائے ہیں۔


آسٹریلین اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے سلیکٹر ٹریور ہونز نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ بھارت میں وکٹیں کس نوعیت کی ہوں گی لیکن ہم مکمل تیاری کے ساتھ جانا چاہتے ہیں تاکہ ہمارے پاس تمام آپشنز دستیاب ہوں، نوجوان اسپنر مچل سوئپسن کو منتخب کرنے پر انھوں نے کہا کہ بھارتی کنڈیشنز 23 سالہ لیگ اسپنر کیلیے موزوں ہوں گی اور انھیں اپنی صلاحیتوں کے اظہارکا موقع ضرورملے گا، آل راؤنڈرگلین میکس ویل کو بھی ٹیم کا حصہ بنالیاگیا ہے جب کہ انجری سے صحتیابی کے بعد مچل مارش اور شان مارش کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوگئی ہے۔

آسٹریلین ٹیم بھارتی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلیے اپنے چند پلیئرزکو29 جنوری کو دبئی بھیجے گی جہاں وہ سیریز کیلیے ٹریننگ کریں گے جب کہ باقی پلیئرز چیپل ہیڈلی ٹرافی کے بعد بھارت پہنچیں گے، چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 23 فروری سے پونے میں کھیلا جائیگا۔ سیریز کیلیے آسٹریلین اسکواڈ کپتان اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، میٹ رینشا، پیٹر ہینڈزکومب، گلین میکس ویل، میتھیو ویڈ، مچل مارش، ایشٹون ایگر، جیکسن برڈ، مچل اسٹارک، جوش ہیزل وڈ، شان مارش، اسٹیو او کیف اور مچل سوئپسن پر مشتمل ہے۔
Load Next Story