بنائیں ذائقے سے بھرپورکھانے انتہائی آسان ترکیب سے

اب خود بنائیں وہ تمام کھانے جو ہوں ذائقے سے بھرپور۔


Shahida Rehana January 16, 2017
اب خود بنائیں وہ تمام کھانے جو ہوں ذائقے سے بھرپور۔

مسور کی دال کا شوربہ

اجزا:
یخنی (دو پیالی)
مسور کی دال (ایک پیالی)
نمک (حسب ذائقہ)
پسی ہوئی کالی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)
پسی ہوئی لال مرچ (آدھا چائے کا چمچا)
لہسن، ادرک (ایک چائے کا چمچا)
پیاز (ایک عدد)
مارجرین (ایکچائے کا چمچا)
مکھن (ایک چائے کا چمچا)
تیل (ایک چائے کا چمچا)

ترکیب:
دال چن کر رات بھر کے لیے بھگودیں اور صبح کو ابال کر اس کا پانی خشک کرلیں۔ اس کے بعد مارجرین، مکھن اور تیل میں پیاز تل کے نکال لیں اور اس کے بعد دیگچی میں نمک لہسن ادرک کا آمیزہ، کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر تل لیں اور دال میں ملا کر اوپر سے یخنی یا کیوب ڈال کر پانچ منٹ دھیمی آنچ پر پکائیں، پھر ٹھنڈا کر کے گرائنڈ کرلیں اور ایک گلاس پانی ڈال کر دوبارہ پکائیں اور ایک منٹ بعد چولھا بند کر دیں اوپر سے چورا کر کے تلی ہوئی پیاز ڈال کر گرم گرم پیش کریں، کھٹاس کے لیے سرکہ یا لیموں کا رس استعمال کریں۔

مکس دال کا شوربہ

اجزا:
ابلی ہوئی چنے، ارہر، ماش، مونگ اور مسور کی دالیں (آدھی، آدھی پیالی)
یخنی (آدھا جگ چکن کیوب سے بنالیں)
ہلدی (آدھا چائے کا چمچا)
پیاز(ایک عدد)
لہسن ادرک کا آمیزہ (ایک چائے کاچمچا)
سفید زیرہ (آدھا چائے کا چمچا)
ثابت لہسن (چار جوے)
کالی مرچ(آدھا چائے کا چمچا)
لال مرچ(آدھا چائے کا چمچا)
نمک (حسب ذائقہ)
مارجرین (ایک کھانے کا چمچا)
تیل (ایک کھانے کا چمچا)
سرکہ (حسب ذائقہ)

ترکیب:
تیل اور مارجرین میں لہسن، پیاز اور زیرہ تل کے نکال لیں، پھر اس میں ادرک، لہسن، ہلدی اور مسالا ڈال کر تل لیں۔ تمام دالوں کو سل بٹے پر یا گرائنڈر میں باری باری پیس لیں اور آخر میں تمام دالوں کو ملا کے اس میں تلا ہوا زیرہ، لہسن، پیاز اور یخنی ڈال کر گرائنڈ کرلیں اور دو منٹ تک چولھے پر پکالیں۔ اس کے بعد نمک اور سرکہ ڈال کر پیش کریں۔

پالک دال کا شوربہ

اجزا:
پالک (ایک گٹھی) دھوکر باریک کترلیں
دال مونگ اور مسور (آدھی پیالی)
چکن پاؤڈر (ایک کھانے کا چمچا)
نمک (حسب ذائقہ)
پسا ہوا گرم مسالا (آدھا چائے کا چمچا)
مکھن (ایک کھانے کا چمچا)
زیتون کا تیل (ایک کھانے کا چمچا)
ادرک کا سفوف (آدھا چائے کا چمچا)
پسی ہوئی کالی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)
ہلدی (دو چٹکی)
کورن فلور (ایک چائے کا چمچا)
لیموں کا رس (حسب ذائقہ)

ترکیب:
دال کو ابال کر گلا لیں پھر اس میں پالک ڈال گرائنڈ کرلیں۔ ایک گلاس پانی شامل کر کے چکن پاؤڈر، گرم مسالا، کالی مرچ، ہلدی، ادرک پاؤڈر ڈال کر پانچ منٹ دھیمی آنچ پر پکائیں۔ دو منٹ بعد آدھی پیالی پانی میں کورن فلور ملا کے اس میں شامل کریں۔ شوربا گاڑھا ہونے لگے، تو چولھا بند کر دیں اور اوپر سے مکھن وزیتون کا تیل شامل کر دیں۔ نوش فرماتے ہوئے لیموں کا رس ڈالیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں